Live Updates

تحریک انصاف ضلع راولپنڈی اور اس کی تحصیلوں کیلئے پارٹی عہدیداروں کی تقرری کے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری

بدھ 21 ستمبر 2016 22:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21ستمبر ۔2016ء) پاکستا ن تحریک انصاف نے ضلع راولپنڈی اور اس کی تحصیلوں کیلئے پارٹی عہدیداروں کی تقرری کے باقاعدہ نوٹیفکیشنز جاری کر دئیے ہیں ․ پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات ساجد علی قریشی نے نئی تقرریوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شمالی پنجاب کے صدر عامر محمود کیانی کی دستخطوں سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشنز کے مطابق محمد ہارون ہاشمی کو ضلع راولپنڈی کا صدر جبکہ سردار ناصر کو ضلعی سیکریٹری جنرل کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ․ ساجد علی قریشی کے مطابق مری کیلئے تحصیل صدر کی ذمہ داریاں طارق محمود عباسی ، کوٹلی ستیاں کیلئے صدر کی ذمہ داریاں میجر (ر)محمد لطافت ستی کو تفویض کی گئی ہیں ․ اسی طرح کہوٹہ کیلئے تحصیل صدر راجہ خورشید احمد ستی ، کہوٹہ کیلئے تحصیل جنرل سیکریٹری راجہ سلطان مسعود ، گوجر خان کیلئے تحصیل صدر راجہ عنصر محمود کو مقرر کرنے کے نوٹیفکیشنز جاری کر دئیے گئے ہیں ․ ساجد علی قریشی نے بتایا کہ اسی طرح کلر سیداں کیلئے تحصیل صدر اور تحصیل جنرل سیکریٹری کی ذمہ داریاں بالترتیب آصف محمود کیانی اور راجہ محمد اشفاق کو دی گئی ہیں ․ عامر محمود کیانی اور ساجد علی قریشی نے نئے مقرر ہونے والے عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تقرریاں پارٹی کے راہنماؤں اور کارکنوں سے مشاورت کے بعد خالصتا میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں․ پارٹی قیادت کو بجا طور پر نو تقرر شدہ عہدیداروں سے امید ہے کہ وہ پارٹی اور عوام کے درمیان حقیقی معنوں میں ایک پل کا کردار ادا کریں گے اور عوام الناس تک عمران خان اور پارٹی کا پیغام موثر طریقے سے پہنچانے میں اپنی ذمہ داریاں کماحقہ پوری کریں گے ․ انہوں نے کہا کہ نئے مقرر ہونے والے عہدیدار پارٹی ورکر تھے جن کی واحد سفارش ان کی اہلیت ، قابلیت اور خدمت خلق کا جذبہ ہے ․ انہوں نے نئے مقرر ہونے والے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنے آپ کو باقی ورکروں سے بالا خیال نہ کریں اور پارٹی مشن کی تکمیل کیلئے مخلص ہو کر ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دیں ․

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :