کشمیر اور گلگت بلتستان کو پاکستان کا حصہ قرارنہ دینے پرکیوں نہ چینل 24 کو بند کر دیا جائے،پیمراکاچینل کو28 ستمبرتک جوابدہی کا حکم

بدھ 21 ستمبر 2016 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21ستمبر ۔2016ء ) پیمرا نے کہاہے کہ کشمیر اور گلگت بلتستان کو پاکستان کا حصہ قرارنہ دینے پرکیوں نہ چینل 24 کو بند کر دیا جائے،پیمراکاچینل کو28 ستمبر 2016ء تک جوابدہی کا حکم دیدیا۔بدھ کو ترجما ن کے مطابق چینل 24 پر مؤرخہ 21ستمبر 2016ء کو صبح 9:28 بجے ایک تبصرہ نشر ہو ا جس میں بار بار یہ تاثر دیا گیا کہ جیسا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پاکستان کا حصہ نہیں ہیں۔

چینل 24 کا یہ تبصرہ قومی مفاد کے سرا سر منافی ہے اور بادی النظر میں چینل 24 نے وہی حقائق کے منافی موقف نشر کیاجو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ، انڈین حکومت اور انڈین میڈیاکا ہے، ایسے وقت جب پاکستان بین الاقوامی سطح پر ہندوستانی افواج کے کشمیریوں پر ہونے ہوالے ظلم و ستم کو بے نقاب کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایسی غیر ذمہ دار گفتگو کا نشر ہونانہ صرف قومی مفاد کے خلاف ہے بلکہ پیمرا قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔

لہٰذا بذریعہ اظہارِ وجوہ نوٹس ہٰذا چینل 24سے سات (7)یوم یعنی مؤرخہ28 ستمبر 2016ء سہ پہر4بجے تک جواب طلب کیا جاتا ہے کہ وہ اس بات کی وضاحت کرے کہ پاکستان کے قومی مفاد کے خلاف تبصرہ نشر کرنے پرکیوں نہ چینل کی نشریات کو بند کر دیا جائے۔ چینل 24 اپنے جواب میں یہ بھی واضح کرے کہ آیا وہ اپنے دفاع میں ذاتی شنوائی کا خواہشمند ہے یا نہیں۔ مؤرخہ28 ستمبر 2016ء سہ پہر4بجے تک جواب نہ ملنے کی صورت میں پیمرا یکطرفہ کاروائی کرنے کا مجاز ہو گا۔

متعلقہ عنوان :