فیسکو اپنے صارفین کو بجلی کی بہترین اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، فیسکو چیف

بدھ 21 ستمبر 2016 22:36

فیصل آباد۔21ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21ستمبر ۔2016ء ) چیف ایگزیکٹو فیسکو رشید احمد اسلم نے کہا ہے کہ فیسکو اپنے صارفین کو بجلی کی بہترین اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے بجلی کے تقسیمی نظام کی بہتری کیلئے سالانہ اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں وہ واسا کے وائس چیئرمین میاں عرفان منان کے ہمراہ کینال روڈ پر 132کے وی سٹیم پاور گرڈسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انھوں نے مزید کہا کہ کینال روڈ ، امین ٹاؤن، جھمرہ روڈ، رضا ٹاؤن اور مدینہ ٹاؤن کے علاقوں میں نئی رہائشی اور کمرشل تعمیرات کے پیش نظر کینال روڈ پر نئے گرڈ کی تعمیر کی اشد ضرورت تھی مگر گرڈکیلئے زمین کی عدم دستیابی کے باعث دشواری کا سامنا تھا۔

(جاری ہے)

فیسکوکی درخواست پر وزارت پانی و بجلی بالخصوص سیکرٹری پانی وبجلی محمد یونس ڈھاگہ اور وزیر مملکت عابد شیر علی نے خصوصی دلچسپی لے کر سٹیم پاور سٹیشن میں 12کینال زمین لے کردی اور یوں فیسکو نے 132کے وی سٹیم پاور گرڈسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیااور 3ماہ کے قلیل عرصہ میں 31دسمبر 2016تک اس کی تعمیر مکمل کر لی جائے گی ۔

گرڈ کی تعمیر پر 27کروڑ لاگت آئے گی اسے فیسکو 7thایس ٹی جی پروگرام کے تحت اپنے وسائل سے مکمل کرے گا۔ اس گرڈ کے بننے سے 66کے وی اور 132کے وی اولڈ تھرمل گرڈسٹیشن اور 132کے وی نشاط آباد گرڈسٹیشنوں کو ریلیف ملے گا۔ ٹیکنیکل اور ڈسٹری بیوشن لاسز میں کمی آئے گی اور وولٹیج بہتر ہوں گے ۔ گرڈ بننے کے بعد امین ٹاؤن، جھمرہ روڈ، ہمدرد، رضا ٹاؤن، موبی لنک، سعید کالونی، مدینہ ٹاؤن فیڈروں کا لوڈ اس گرڈ پر منتقل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :