کے الیکٹرک کی بوگس بلنگ ، طویل لوڈ شیڈنگ اور مہنگی بجلی کراچی کے عوام کے ساتھ ظلم ہے ، حافظ نعیم الرحمن

نیپرا کی سماعت میں کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑیں گے،ادارہ نور حق میں کمپلنٹ سیل کے اجلاس سے خطاب

بدھ 21 ستمبر 2016 22:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) کے الیکٹرک کی بوگس بلنگ ، طویل لوڈ شیڈنگ ، آئے دن فالٹ کی وجہ سے بجلی کی عدم دستیابی اور مہنگی بجلی کی وجہ سے نہ صرف کراچی کے عوام میں بے چینی پائی جاتی بلکہ کراچی کی معاشی و اقتصادی سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں جوکراچی کے شہریوں کے ساتھ ظلم ہے ۔فرنس آئل کی قیمتیں 130ڈالر فی بیرل سے 30ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہیں لیکن کے الیکٹرک کا ٹیرف مہنگے سے مہنگا ہوتا جارہا ہے سستے تیل کا فائدہ عوام کو پہنچانے کے بجائے کے الیکٹرک نے اپنے ناجائز منافع میں اضافہ کیا ہے جوکہ نیپرا قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔

نیپرا کے الیکٹرک کے خلاف آخر ایکشن کیوں نہیں لیتی۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ادارہ نور حق میں کے الیکٹرک کے دس سالہ ملٹی ائیر ٹیرف کے حوالے سے جماعت اسلامی کراچی کے کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے ٹیرف میں اضافے کی درخواست کی سماعت کے لیے نیپرا کا اجلاس 27ستمبر کو ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نیپراسماعت میں کراچی کے عوام کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑے گی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ 2005میں کے ای ایس سی کی نجکاری سے لے کر 2009میں اس نجکاری میں ترامیم کا سارا عمل غیر شفاف اور غیر منصفانہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ نجکاری اور ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ میں جماعت اسلامی کی طرف سے کیس بھی زیر سماعت ہے سینٹ کی اسٹیرنگ کمیٹی برائے پانی و بجلی نے بھی نجکاری و ترامیم کو غیر قانونی قرار دیا ہے ۔

کے الیکٹرک کے مختلف اداروں اور عوام کے اربوں روپے کا نادھندہ اور اس کے خلاف درجنوں کیسز عدالت میں ہیں ۔لہذا ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ کے الیکٹرک کی شنگھائی الیکٹرک کو فروخت کو فوری طور پر روکا جائے اور کے الیکٹرک لائنس ختم کر کے بوگس بلنگ ، ناقص کارکردگی ، طویل لوڈ شیڈنگ کی تحقیقات کی جائے اور عوام کو حقیقی معنوں میں سستی اور بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے ۔