Live Updates

ضلع جنوبی سمیت شہر کے مختلف اضلاع میں فراہمی و نکاسی آب کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے، ایم ڈی واٹر بورڈ

بدھ 21 ستمبر 2016 22:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مصباح الدین فرید نے کہا ہے کہ ضلع جنوبی سمیت شہر کے مختلف اضلاع میں فراہمی و نکاسی آب کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے ان کے فوری حل کے لئے موثر اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں چند دنوں میں خوشگوار نتائج برآمد ہوں گے حب ڈیم سے پانی کی معمول کے مطابق فراہمی نہ ہونے پر چیف سیکریٹری کو خط ارسال کردیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین ڈسٹرک میونسپل کارپوریشن ضلع جنوبی ملک محمد فیاض کی قیاد ت میں ملنے آنے والے وفد کے ساتھ منعقدہ اجلاسے خطاب کے دوران کیا ، انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ منتخب بلدیاتی نما ئندوں کی فوری شکایات کے ازالے کے لئے باقاعدہ پالیسی مرتب کررہاہے ا س کے تحت اب مختلف اضلاع کے شہریوں کو پانی کی فراہمی و نکاسی آب بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے اس ضلع کی میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں فراہمی و نکاسی آب کا عملہ تعینات کیا جائے گا ،ہر ضلع میں وہاں کی ضرورت کے تحت افرادی قوت میں اضافہ کیا جارہا ہے ، شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے واٹربورڈ کے ضلعی سپرنٹنڈنگ انجینئرزو ایگزیکٹو انجینئرز، اکاؤنٹنٹس سمیت دیگر افسران اپنے عملے کے ساتھ ضلع کے دفتر میں موجود رہیں گے،سیوریج کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے واٹربورڈ کی سیورکلینگ جیٹنگ و راڈنگ مشینوں کے دو سیٹ بھی ہمہ وقت ضلع کے دفتر میں موجود رہیں تاکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں بلدیاتی نمائندوں کی زیر نگرانی فوری طور پر سیوریج کی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ حب ڈیم میں حالیہ بارشوں کے بعد پانی کی سطح تسلی بخش حد تک بلند ہوچکی ہے تاہم بار بار کی اپیلوں کے باوجود واپڈا حکام واٹربورڈ کراچی کے حصے کا پورا پانی فراہم نہیں کررہے ہیں اس وجہ سے حب ڈیم سے پانی لینے والے علاقے پانی کی قلت کا شکار ہیں،واپڈا حکام کی جانب سے عدم تعاون پر واپڈا حکام کو خط لکھ دیا ہے جس کی کاپی چیف سیکریٹری سندھ کوبھیج دی گئی ہے ،خط میں اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس ضمن میں فوری ایکشن لیں اور واپڈا حکام کو پابند کریں کہ وہ واٹربورڈ کو معمول کے مطابق یومیہ 100ملین گیلن پانی فراہم کرے ،حب ڈیم سے پانی کی معمول کے مطابق فراہمی شروع ہونے کے مثبت اثرات ضلع جنوبی کے قلت آب کا شکار علاقوں کیماڑی، صدر ،جونا مارکیٹ،کھارادر،میٹھا در،ٹاوراور دیگر پر پڑیں گے،انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں میں اعلانیہ و غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے فراہمی آب سمیت نکاسی آب کا نظام بھی متاثر ہوتا ہے ،جہاں تک ممکن ہوتا ہے واٹربورڈ اپنے محدود وسائل سے پمپس چلانے کے لئے متبادل انتظامات کرتا ہے ہم کے الیکٹرک سے بھی بار بار اپیل کرچکے ہیں کہ واٹربورڈ کے پانی کی تقسیم و سیوریج کی نکاسی کے پمپنگ اسٹیشنوں کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اس موقع پر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی کے نو منتخب چیئرمین نے ایم ڈی واٹربورڈ کو ضلع میں پانی و سیوریج کے مسائل سے تفصیلاً آگاہ کیا انہوں نے بتایاکہ علاقہ میں سیوریج کے لائنوں کی ڈی سیلیٹنگ اور وینچنگ کی اشد ضرورت ہے جس پر ایم ڈی واٹربورڈ نے اجلاس میں موجود واٹربورڈ کے متعلقہ افسران کو کلفٹن پمپنگ اسٹیشن سمیت ضلع کے دیگر سیوریج پمپنگ اسٹیشنز اور لائنوں کی جدید ہیوی مشینو ں سے صفائی کی ہدایات جاری کردی ، اجلاس میں دیگر کے علاوہ وائس چیئرمین محمود ہاشم ، چیئرمین یوسی 12حبیب حسن ، وائس چیئرمین یوسی 3عبدالحمید جت ، کونسلر راجیشوری ، کوآرڈینیٹر ایم ڈی کامران واٹربورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز فہیم اختر زیدی ، سپرنٹنڈنگ انجینئر ضلع جنوبی آفتاب چانڈیو اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات