تحریک انصاف نے ایم کیو ایم لندن کے رہنما ؤں کے بیانات اور انٹر ویوز نشر کرنے پر ٹی وی چینلز پر پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا

بدھ 21 ستمبر 2016 22:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے ایم کیو ایم لندن کے رہنما ؤں کے بیانات اور انٹر ویوز نشر کرنے پر ٹی وی چینلز پر پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا ، اور کہا ہے کہ ایم کیو ایم لندن کے کنوینئر ندیم نصرت ،اور واسع جلیل سمیت دیگررہنماؤں کے بیانات ملکی سالمیت کے خلاف ہیں، یہ بات انھوں نے اپنی جانب سے چیئرمین پیمرا کو لکھے گئے خط میں تحریر کی ہے، انھوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریر سے کروڑوں پاکستانیوں کو بہت دکھ اور افسوس ہوا ہے، ایم کیو ایم لندن کے رہنما ندیم نصرت، واسع جلیل اور دیگر پاکستان مخالف نعروں کی حمایت کر رہے ہیں اس لئے ان رہنماؤں کے بیانات اور انٹرویوز پر نشر کرنے پر ٹی وی چینلز پر فوری طور پر پابندی عائد کی جائے۔