مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا قتل انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے‘شہباز شریف

بھارت ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریوں کو آزادی کے حق سے محروم نہیں رکھ سکتا،عالمی برادری کو بھارت پر کشمیر میں آگ اور خون کا کھیل فوری طور پر بند کرنے کیلئے دباؤ ڈالنا چاہیے،کشمیریوں کو انصاف کی فراہمی میں تاخیرانصاف کا قتل عام ہے ،عالمی برادری کی خاموشی کا کوئی اخلاقی جواز نہیں‘وزیر اعلی پنجاب

بدھ 21 ستمبر 2016 22:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے ملاقات کی-دونوں رہنماؤں کی مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی ہے -وزیر اعلی شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا قتل انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے -بھارت ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریوں کو آزادی کے حق سے محروم نہیں رکھ سکتا۔

وقت نے کشمیرمیں بھارتی حکومت کی ظلم اور تشدد کی پالیسی کو ناکام ثابت کر دیا ہے-انہوں نے کہا کہ بھارت کی ظلم و تشدد کی پالیسی نے کشمیری عوام کے دلوں میں آزادی کی تڑپ کو مزید جلا بخشی ہے-مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت کمزور نہیں پڑ سکتا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو مسئلے کی شدت کا احساس کرتے ہوئے بھارت کی ریاستی دہشت گردی بند کروانے کیلئے کردار ادا کرنا چاہیئے اورعالمی برادری بھارت پر کشمیر میں آگ اور خون کا یہ کھیل فوری طور پر بند کرنے کیلئے دباؤ ڈالے-انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو انصاف کی فراہمی میں تاخیرانصاف کا قتل عام ہے-عالمی برادری کو کشمیر کی صورتحال پر فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے - عالمی برادری کی خاموشی کا کوئی اخلاقی جواز نہیں- انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی صبح شہدائے کشمیر کے خون سے طلوع ہوگی-