صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے ضمن میں سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ، گورنر سندھ

کارکردگی میں اضافہ کرکے صوبہ میں صنعتی خوشحالی کے دور کا آغاز کیا جاسکتا ہے، چیئرمین ناہید میمن سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 21 ستمبر 2016 22:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ صوبہ میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے ضمن میں سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اس کی کارکردگی میں اصافہ کرکے صوبہ میں صنعتی خوشحالی کے دور کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کی چیئر پرسن ناہید میمن کی جانب سے اپنے ادارے کی بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گونر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں سرمایہ کاری او ر نئی صنعتوں کے قیام کے لئے نہایت سازگار ماحول میسر ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اس بارے میں آگاہی فراہم کی جائے تاکہ وہ صوبہ میں اپنی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی تکمیل سے ملک کے ساتھ ساتھ صوبہ میں بھی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لاتعداد مواقع فراہم ہوں گے جن کے بارے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو آگاہ کرنا ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خصوصاً یورپی صنعتی ممالک اور دیگر اقتصادی طور پر مستحکم ممالک کے صنعت کاروں کو مختلف سیمینارز، ورکسشاپس اور دوروں کے ذریعہ صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاور جنریشن خصوصاً متبادل توانائی کے شعبہ میں مواقع موجود ہیں جن سے غیر ملکی سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہو ں ے کہا کہ آپریشن کے نتیجہ میں ملک کے سب سے بڑے صنعتی شہر کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں بہت زیادہ بہتری آئی ہے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

انہوں نے سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ادارے کی جانب سے اپنی کاوشوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔ اس موقع پر بورڈ آف انویسٹمنٹ کی چیئر پرسن محترمہ ناہید میمن نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ایس بی آئی صوبہ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترجیحی ضرورت کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے اقدامات کررہا ہے۔ وفود کے تبادلوں ، مختلف سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کے ذریعہ صوبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :