گورنرسندھ سے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر جنید علی شاہ کی ملاقات

کے ایچ اے کے حسابات کا باقاعدگی سے آڈٹ کرایا جائے، ہاکی کے فروغ کے لئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے، عشرت العباد

بدھ 21 ستمبر 2016 22:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ صوبہ میں ہاکی کے فروغ کے لئے ہر سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ سندھ میں موجود ہاکی کے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر جنید علی شاہ اور قومی سلیکٹر وسیم فیروز سے گورنر ہاؤس میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان ہاکی ٹیم کی توقعات کے مطابق کارکردگی نہ ہونے کی کئی وجوہات ہیں جن کا بھرپور جائزہ لے کر انہیں دور کرنے کی ضرورت ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ شہر قائد نے پاکستانی ہاکی ٹیم کوکئی نمایاں کھلاڑی دئیے ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکول اور کالج کی سطح پر طالب علموں میں ہاکی کے کھیل کا شوق دوبارہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کو بہترین کھلاڑی مل سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے کسی بھی ادارے کا باقاعدگی سے آڈٹ کرانا ضروری ہے تاکہ اخراجات اور آمدنی کا حساب رکھا جاسکے ۔ انہوں نے جنید علی شاہ کو کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے حسابات کا بھی آڈٹ کرانے کی ہدایت کی۔ گورنر سندھ نے امید ظاہر کی کہ جنید علی شاہ کی قیادت میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن شہر قائد میں ہاکی کے فروغ اور گراؤنڈز میں سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور انداز میں کام کرے گی جس سے نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ پاکستان کو ہاکی کے بہترین کھلاڑی بھی مل سکیں گے۔

جنید علی شاہ نے گورنر سندھ سے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کا پیٹرن انچیف بننے کی درخواست بھی کی۔ انہوں نے گورنر سندھ کو بتایا کہ شہر قائد میں ہاکی کے فروغ کے لئے ایک جامع منصوبے کے تحت کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے ایچ اے میں آئی جی سندھ اور ڈائریکٹر جنرل آڈٹ کو ایکس آفیشو ممبر بنایا گیا ہے انہوں نے کے ایچ اے کے مستقبل کے منصوبوں میں گورنر سندھ سے مدد اور تعاون کی درخواست بھی کی۔

متعلقہ عنوان :