بلاول بھٹو زرداری کی 28سالگرہ کے سلسلے میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں کیک کاٹنے کی تقریبات، چیئرمین پی پی پی کی عمردرازی اور سلامتی کیلئے خصو صی طور پر دعائیں

بدھ 21 ستمبر 2016 22:17

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21ستمبر ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 28سالگرہ کے سلسلے میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں کیک کاٹنے کی تقریبات منعقد کی گئیں اور ان کی عمردرازی اور سلامتی کے لئے خصو صی طور پر دعائیں مانگی گئیں۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی پیپلز پارٹی کے زیراہتمام شیر شاہ روڈ پر ایس او ایس ولیج میں کیک کاٹنے کی مرکزی تقریب منعقد ہو ئی جس میں پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے سید عبد القادر گیلانی، خواجہ رضوان عالم ودیگر نے شرکت کی اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کی عمر درازی اور سلامتی کے لئے خصوصی طور پر دعا مانگی گئی۔

اسی طرح ڈسٹرکٹ بار میں پیپلز لائرز فورم کے جنو بی پنجاب کے جنرل سیکریٹری شیح غیاث الحق کی زیر قیادت کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہو ئی۔

(جاری ہے)

پی ایل ایف کی رہنما بشری نقوی کی قیادت میں بھی بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کا کیک کا ٹا گیا جبکہ پیپلز پارٹی کے سابق سٹی جنرل سیکریٹری ایم سلیم راجہ کے دفتر میں بھی بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔

اسی طرح پیپلزپارٹی انسانی حقوق ونگ جنوبی پنجاب کے صدر سلیم الرحمن کے دفتر پرانا شجاعباد روڈ پر کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی اور پیپلز پارٹی کے جیالے کارکن ساجد خان بلوچ نے بھی چوک نواں شہر پر دفتر میں بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کا اہتمام کیا جس میں رانا الطاف حسین ، نعمان اختر ، عیسی بھٹہ ،ملک اشفاق ودیگر نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں دیگر مقامات پر بھی جیالے کارکنوں نے بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کے سلسلے میں کیک کاٹے۔