الیکشن ریفارمز کے بغیر الیکشن بے معنی ہونگے ،ضمنی انتخابات میں بھی الیکشن کمیشن کی مقرر کردہ حدوود کی پرواہ نہ کرتے ہوئے امیدواروں نے پانی کی طرح پیسہ بہایا ،اس سے ثابت ہوگیاہے کہ الیکشن صرف امیرشہزادوں کا کھیل ہے

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق کی مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 21 ستمبر 2016 22:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21ستمبر ۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن ریفارمز کے بغیر الیکشن بے معنی ہونگے ،ضمنی انتخابات میں بھی الیکشن کمیشن کی مقرر کردہ حدوود کی پرواہ نہ کرتے ہوئے امیدواروں نے پانی کی طرح پیسہ بہایا جس سے ثابت ہوگیاہے کہ الیکشن صرف امیرشہزادوں کا کھیل ہے ،غریبوں کیلئے اس میں کوئی جگہ نہیں۔

الیکشن کمیشن انتخابی قوانین پر عمل درآمد نہ کراسکاتو انتخابات بے معنی ہونگے اور ان سے کسی مثبت تبدیلی کی کوئی توقع نہیں کی جاسکتی۔ وہ بدھ کو اسلام آباد میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدار انتخابات قوم کی ضرورت ہیں مگر الیکشن کمیشن اس ضرورت کو پورا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن اپنے ضابطہ اخلاق پر آج تک عمل درآمد نہیں کروا سکا اور نہ الیکشن ریفارمز پر عمل ہوسکا ہے جس سے خدشہ پید ا ہوگیا ہے کہ آئندہ انتخابات بھی عوامی نمائندگی کی ضرورت کو پورا کرنے میں کامیاب نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ دولت کے اس کھیل کو صرف دولت مند ہی جاری رکھ سکتے ہیں اور عام آدمی ان انتخابات میں حصہ لینے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ الیکشن ریفارمز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور انتخابی ضابطہ کی خلاف ورزی کرنے والوں اور طے شدہ اخراجات سے زیادہ خرچ کرنے والوں کو آئین کے مطابق انتخابی عمل سے دور رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں پانی کا طرح پیسہ بہانے والوں کا احتساب ہونا چاہئے اور تحقیق ہونی چاہئے کہ ان کے پاس اتنی دولت کہاں سے آئی۔

دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اوباما کی جنرل اسمبلی سے آخری تقریر میں فلسطین پر اسرائیلی قبضہ زیادہ دیر قائم نہ رہنے کے اعتراف کو خوش آئند قرار دیاہے لیکن کشمیر کا ذکر نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اوباما کو اقوام متحدہ کے چارٹر پر سب سے پرانے مسئلہ کشمیر کی اہمیت کا ادراک نہیں اور نہ انہوں نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف لب کشائی کی ہے جس سے نہ صرف کشمیری قوم بلکہ پاکستان سمیت دنیا بھر کی انصاف پسند قوموں کو سخت مایوسی ہوئی ہے۔