بانی ایم کیو ایم کے خلاف سندھ اسمبلی میں متفقہ طور پر قرارداد پاس ہوناخوش آئند ہے، راشد نسیم

بدھ 21 ستمبر 2016 21:59

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21ستمبر ۔2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے سندھ اسمبلی میں بانی ایم کیو ایم کے خلاف سندھ اسمبلی میں متفقہ طور پر قرارداد پاس ہونے کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی طرف سے اپنی پارٹی کے بانی کے خلاف تحریک پیش کرنا قابل ستائش ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے اور پاکستان مردہ باد کا نعرے لگانے والے کو اس قرارداد کے ذریعہ بھرپور جواب دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے لندن کی رابطہ کمیٹی کے چار ارکان کی رکنیت خارج کرکے اس بات کا بھی ثبوت دیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اب بااختیار ہے اور مستقبل میں کوئی ایم کیو ایم کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اپنے اس عمل سے پاکستان سے محبت اور پاکستان دشمن قوتوں کو ایک واضح پیغام دیا ہے۔ امید ہے کہ ملک کی سیاسی قیادت اور محب وطن عوام ایم کیو ایم کے اس عمل کو قابل ستائش قرار دیں گے۔