پنجاب حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو منافع بخش ماحول فراہم کر رہی ہیں ‘ ڈاکٹر فرخ جاوید

زرعی آلات اور مشینری پر سبسڈی ، جبکہ چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں ‘صوبائی وزیر

بدھ 21 ستمبر 2016 21:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء ) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے صوبہ میں بیرونی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے لئے منافع بخش ماحول فراہم کیا ہے ، دوست ملک چین کے تعاون سے انرجی ، انڈسٹری ، زراعت سمیت متعدد شعبوں میں کام جاری ہے ،پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے ، پنجاب میں سرمایہ کاری کا اس وقت بہترین ماحول موجود ہے - ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت نے زرعی شعبہ میں کام کرنے والی چینی سرمایہ کار کمپنی کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا - ڈاکٹر فرح جاوید نے کہا کہ زراعت میں حکومت پنجاب نے انقلابی اقدامات کئے ہیں - زرعی آلات اور مشینری کی خریداری پر کسانوں کو سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے - زراعت میں فی ایکڑ پیداوار بڑھٖانے اور پیداواری لاگت کو کم کرنے کے لئے حکومت بیشتر منصوبوں پر عمل پیرا ہے - کسانوں کو مڈل مین سے چھٹکارا دلوانے کے لئے ساڑھے بارہ ایکڑ سے کم کاشتکاروں کو بلا سود آسان اقساط پر قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں - اس کے علاوہ یوریا اور کھاد پر سبسڈی دی جا رہی ہے -وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ چین ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب حکومت پر بھر پور اعتماد ہے - زرعی شعبہ میں بین الاقوامی مارکیٹ سے مقابلہ کرنے کے لئے چین سے ٹیکنالوجی اور دیگر آلات میں معاونت حاصل کر رہے ہیں - وفد کے سربراہ نے صوبائی وزیر چینی مصنوعات کے معیار اور مارکیٹ کے مقابلے کم قیمت کے حوالے سے بریفنگ دی - آخر میں وفد کے سربراہ نے صوبائی وزیر کو اپنی مصنوعات کا ماڈل پیش کیا -

متعلقہ عنوان :