کوئٹہ، سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن

اغواء برائے تاوان، جعلی کرنسی ، چوری و ڈکیتی اور جعلی شناختی بنانے میں ملوث دس ملزمان گرفتار

بدھ 21 ستمبر 2016 21:04

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21ستمبر ۔2016ء) سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن ، اغواء برائے تاوان، جعلی کرنسی ، چوری و ڈکیتی اور جعلی شناختی بنانے میں ملوث دس ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور جعلی کرنسی برآمد کی گئی۔ پولیس کے مطابق ایس پی سریاب عبداﷲ جان آفریدی، ڈی ایس پی سریاب تنویر شاہ کی ہدایت پر ایس ایچ او سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے سب انسپکٹر رانا عمران، اے ایس آئی امان اﷲ سلیمانخیل، محرر عمران خلجی اور دیگر نفری کے ہمراہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جس کے دوران دس ملزمان پکڑے گئے۔

تفصیل کے مطابق غفور ٹاؤن سے چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا ملزم بشیر احمد اغواء برائے تاوان کے مقدمے میں اشتہاری تھا۔

(جاری ہے)

سیٹلائٹ ٹاؤن سے گرفتار ملزم رحیم بخش سیلاچی ایک کلو گرام سے اسی طرح لوہڑ کاریز سے گرفتار جان محمد جتک ایک کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کی گئی۔ ایک ملزم محمد خان بڑیچ کے قبضے سے ایک پستول چھ کارتوس برآمد کئے گئے۔ گرفتار ملزمان میں عنایت اﷲ ازبک اور محمد قسیم اچکزئی بھی شامل ہیں جن پر جعلی کرنسی پھیلانے کا الزام ہے۔ ملزمان سے اڑتالیس ہزار روپے جعلی کرنسی بھی برآمد ہوئی جبکہ چوری و ڈکیتی میں ملوث صدیق اﷲ نورزئی اور خدائیداد اچکزئی سے چھینی گئی موٹر سایکل برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان میں سیف الدین بورا بوگس چیک کے مقدمے میں اشتہاری تھا۔