رخصت ہونے والے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا امجد علی خان کے اعزاز میں الوداعی پارٹی کا اہتمام

بدھ 21 ستمبر 2016 20:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) رخصت ہونے والے چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ امجد علی خان کے اعزاز میں آفیسرز میس پشاور میں ایک الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کے علاوہ صوبائی کابینہ کے اراکین اوراعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ مقررین نے اس موقع پر صوبے کیلئے سابق چیف سیکرٹری کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے اسے مثالی قرار دیا۔

وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں رخصت ہونے والے چیف سیکرٹری امجد علی خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کا ان پر بہت اعتماد تھا،انہوں نے بڑی محنت اور لگن سے کام کیا اور شاندار خدمات انجام دیتے ہوئے ایک اچھی مثال قائم کی، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ایجنڈا تبدیلی، اداروں کی اصلاح اور نظام کو درست کرنا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی ٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مطمع نظر،شفافیت ، سرکاری امور میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ اور میرٹ کو یقینی بنانا ہے تاکہ لوگوں کو انصاف ملے۔

انہوں نے کہا کہ اس مشکل کام کیلئے سرکاری اہلکاروں کو بڑی محنت کرنی پڑے گی اور سخت مشکلات سے گزرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں کسی نے نظام کو درست کرنے کی کوشش نہیں کی اسلئے موجودہ صوبائی حکومت کو نظام کی تبدیلی کیلئے قانون سازی اور قوانین میں تبدیلی کے مرحلے سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ ادارے عوام کی فلاح کے لئے ہوتے ہیں ان کی مشکلات کا ازالہ کرتے ہیں اور ان اداروں کو چلانے والوں سے عوام کی توقعات وابستہ ہوتی ہیں ۔

ہم کو ووٹ اس لئے ملا کہ اداروں سے عوامی توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نظر نہیں آ رہا تھا ہم نے اداروں کو عوام کے تابع بنا کر ایک فعال نظام کی داغ بیل ڈالی اور اب ادارے ڈیلیور کر رہے ہیں۔ عوام نے ماضی میں مشکلات جھیلیں اور ان کے درد اور تکالیف کا مداوا نہیں ہو رہا تھا ہم نے تبدیلی کی داغ بیل ڈال دی ہے اور اس عمل کو تکمیل تک پہنچا نے کے لئے ہمیں مزید انتھک کاوشوں اور محنت سے کام لینا ہو گا یہ تب ہی ہو گا جب ہم اختیار کو عوام کی فلاح کے لئے استعمال کرکے ان کو ریلیف دیں اور انہیں اطمینان ہو کہ تبدیلی کے لئے جو ووٹ دیا تھا وہ ٹھیک تھا اور انہیں اپنے فیصلے پر پچھتانا نہ پڑے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کواپنے افسروں پر فخر ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ ملکر صوبے کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں۔ سابق چیف سیکرٹری امجد علی خان نے الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کی جانب سے ان پر اعتماد اور ان کے ساتھ تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔سابق چیف سیکرٹری نے کہا کہ انہوں نے صوبائی قیادت کے تعاون سے تبدیلی اور اچھی طرز حکمرانی کے ایجنڈے پر کام کیا اسلئے صوبہ خیبر پختونخواہ ملک میں اچھی طرز حکمرانی کے لحاظ سے ملک کے تمام صوبوں سے آگے ہے۔

امجد علی خان نے صوبائی حکومت کا ان کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں انسپکٹر جنرل پولیس ناصرخان درانی اور سیکرٹری زراعت جمیل احمدنے سابق چیف سیکرٹری امجد علی خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اچھے ٹیم لیڈر تھے اور صوبے کیلئے انہوں نے بڑی خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے صوبے میں اچھی طرز حکمرانی کا ایک اچھا ماڈل پیش کیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سابق چیف سیکرٹری امجد علی خان کی خدمات کے صلے میں ان کو شیلڈ دی ۔

متعلقہ عنوان :