حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے باعث خیبر پختونخوا ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہوا ہے، ڈاکٹر امجد علی

بدھ 21 ستمبر 2016 20:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کی جانب سے تعلیم و صحت کے شعبوں میں ہنگامی بنیادوں کے تحت بہتری لانے کے بعد کرپشن اور نجی سود کے خلاف بل پاس کرنے اور بہتر قانون سازی کے اقدامات سے نظام میں بہتری پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ صوبہ ترقی کی منازل طے کرنے لگاہے اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو رہے ہیں۔

وہ اپنے حلقہ پی کے82-سوات کے عوامی نمائندہ وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپشن اور نجی سود کے خلاف بل پاس کر کے صوبائی حکومت نے ایک تاریخ رقم کی ہے جس کی جانب ماضی کی حکومتوں نے توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے بدعنوانی کے تدارک میں مدد ملے گی اور تعمیر و ترقی کے منصوبے پائیدار اور دور رس فوائد کے حامل ثابت ہوں گے۔ اسی طرح سود کی لعنت سے معاشرہ پاک ہو گا اور ظلم و نا انصافی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ رب تعالیٰ کی خوشنودی بھی حاصل ہو گی۔ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ سالہا سال کی خرابیوں کو فوری طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا تاہم موجودہ حکومت نے قلیل عرصہ میں جو تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں ان کی بدولت عوام اب خوشحالی کے ثمرات محسوس کرنے لگے ہیں۔

متعلقہ عنوان :