پشاور، چیف کمشنر انکم ٹیکس کاپیڈو کے تمام اکاؤنٹس غیر منجمد کرنے کا اعلان

پیڈو پر انکم ٹیکس ،سیلز ٹیکس کے لائبلٹی کلیمز وقتی طور پر انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ ،صوبائی حکومت کی باہمی مشاورت سے طے کرنے کا فیصلہ

بدھ 21 ستمبر 2016 20:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی زیر صدارت اجلاس میں پیڈو پر انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کے لائبلٹی کلیمز وقتی طور پر انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ اور صوبائی حکومت کی باہمی مشاورت سے طے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور چیف کمشنر انکم ٹیکس نے پیڈو کے تمام اکاؤنٹس غیر منجمند کرنے کا اعلان بھی کیا ہے ۔

بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں پیڈو پر ٹیکس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزراء محمد عاطف خان، میاں جمشید الدین ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعظم خان، چیف کمشنر انکم ٹیکس ، سیکرٹری خزانہ ، سیکرٹری توانائی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں انکم ٹیکس کی طرف سے ٹیکس کلیمز اور مذکورہ دعویداری کے قانونی سٹیٹس سے متعلق صوبائی حکومت کے دعوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیاتاہم وزیراعلیٰ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ 400 ملین روپے انکم ٹیکس کو جاری کریں جبکہ انکم ٹیکس کمشنر نے فوری طور پر پیڈو کے تمام اکاونٹس غیر منجمند کرنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

پرویز خٹک نے کہا کہ خیبرپختونخوا اچھی روایات رکھتا ہے اور یہ روایات تمام پیچیدہ مسائل کا حل مہیا کرتی ہیں۔جرگے کا حسن یہی ہے کہ انتہائی پیچیدہ مسائل کا بھی قابل عمل حل نکال لیتا ہے۔ آج کا اجلاس بھی ایک جرگے کی شکل اختیار کر گیا ہے جس میں فریقین نے مسئلے کے حل کیلئے ایک دوسرے کو آمادہ کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں انکم ٹیکس کی طرف سے ٹیکس کلیم اور صوبائی حکومت کی مذکورہ دعویداری کے خلاف پوزیشن پر مشترکہ فارمولے پر اتفاق کرلیا گیا ہے جس کے تحت صوبائی حکومت انکم ٹیکس کو 400 ملین روپے جاری کرے گی۔

محکمہ انکم ٹیکس نے پیڈو کے تمام اکا ؤنٹس غیر منجمند کر دیئے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اگر فریقین عدالت سے باہر اس مسئلہ کو حل کرنے پرمتفق نہیں ہوتے تو مذکورہ دعویداری اور اسکی قانونی پوزیشن پر قانونی جنگ جاری رہے گی ۔وزیراعلیٰ نے صوبائی حکومت کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مسئلے کو مناسب فورم پر اُٹھانے کیلئے کیس تیار کریں اور وہ اس مسئلے کو ہمیشہ کیلئے حل کرنے کیلئے بذات خود متعلقہ فورم پر آواز اُٹھائیں گے ۔ چیف کمشنر انکم ٹیکس نے یقین دلایا کہ وہ نہ صرف پیڈو کے تمام اکاونٹس غیر منجمند کریں گے بلکہ صوبائی حکومت کی سہولت کیلئے آسان طریق کار اور قابل عمل ماحول پیدا کریں گے انہوں نے اپنے محکمہ کی طرف سے کوئی بھی مشکل پیدا نہ کرنے کا بھی یقین دلایا ۔

متعلقہ عنوان :