محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہو گی ،محمد ہارون جوئیہ

ضلع بھر میں محرم کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے تمام ممکنہ انتظامات کو یقینی بنایا جائیگا، ڈی پی او حافظ آباد

بدھ 21 ستمبر 2016 19:55

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) ڈی سی او نعمان حفیظ اور ڈی پی او محمد ہارون جوئیہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہو گی اور ضلع بھر میں محرم کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لئے تمام ممکنہ انتظامات کو یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ حافظ آباد ہمیشہ سے ہی مثالی بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی رایات کا امین رہا ہے اور امسال بھی انشاء اﷲ عشرہ محرم میں بین المسالک روادری،محبت اور صبرو تحمل کے جذبات کا بھر پور عملی مظاہرہ نظر آئیگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں محرم کے دوران امن و امان تباہ کرنے کے درپے ہونگی تاہم تمام مسالک کے جید علماء کرام اور مقررین کے تعاون سے امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائیگا اور شرا نگیزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی کاروائی عمل میں لائی جا ئیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں انجمن آڑھتیان غلہ منڈی کے جنرل سیکرٹری عبد الحمید رحمانی، مرکزی انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری ملک ہمایوں شہزاد، چیئرمین پریس کلب چودھری امتیاز احمد تاج سمیت علماء کرام اور مشائخ عظام کی کثیر تعداد ننے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او اور ڈی پی او نے امن کمیٹی کے معزز اراکین پر زور دیا کہ وہ فرقہ وارانہ یگانگت،رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے سلسلہ میں انتظامیہ کے شانہ بشانہ ضلع کو امن و امان کا گہوارہ بنانے میں اپنا گرانقدر کردار جاری رکھیں۔

اجلاس میں علماء اور اراکین کمیٹی نے محرم الحرام کے لئے صفائی ستھرائی،بلا تعطل بجلی کی فراہمی ،فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے یقین دہانی بھی کروائی کہ حکومت پنجاب کے ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عمل درآمد کیا جائیگا اور امن و امان کے قیام کے لئے ہر سطح پر تعاون کا سلسلہ جاری رہیگا۔اجلاس میں باہمی مشاورت کے زریعے عمومی مسائل کے حل کے لئے مربوط اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا اور علماء کرام کو یقین دہانی کرائی گئی کہ انتظامیہ ضابطہ اخلاق کے اندر رہتے ہوئے تمام مقامی مسائل کو حل کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے گی۔