Live Updates

غیر سنجیدہ ، ہلڑ بازی کی سیاست سے لوگ تنگ آچکے، (ن) لیگ ،پی ٹی آئی سیاسی اخلاقیات کو مد نظر رکھیں‘پیر اعجاز ہاشمی

سیاسی اختلافات میں اس حد تک نہیں نہ جائیں کہ عام آدمی سیاست سے بیزار ہوجائے، دونوں جماعتوں کے اشتعال انگیز بیانات ،انتشار ہے،سنجیدہ قیادت نوٹس لے‘جے یو پی کے سربراہ کی میڈیا ٹیم سے گفتگو

بدھ 21 ستمبر 2016 19:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے مسلم لیگ (ن)اور تحریک انصاف کو سیاسی اختلافات میں اس حد تک نہیں جانا چاہیے کہ ملک کا امن تباہ ہو اور عام آدمی سیاست سے بیزار ہوجائے، اخلاقیات کو دونوں جماعتوں کو مد نظر رکھنا چاہئے،پے درپے کے جلسے کرنا خوداپنی اہمیت کھو جاتے ہیں۔

جبکہ حکمران جماعت ہوتے ہوئے مسلم لیگ ن کا کسی جلسے کی مخالفت کرنا کسی صورت درست نہیں، مختلف رہنماوں کی طرف سے اشتعال انگیز بیانات بھی انارکی اور انتشار کی طر ف دعوت دینے کے مترادف ہیں۔سنجیدہ قیادت کو نوٹس لینا چاہیے۔ جے یو پی کی میڈیا ٹیم سے گفتگو میں پیر اعجا زہاشمی نے کہا کہ پاناما لیکس پر کمشن کی تشکیل بہت اہم مسئلہ ہے، احتساب ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

لیکن جو صورت حال بھارت نے مقبوضہ کشمیر،بلوچستان اور حتیٰ کہ افغانستان کے اندر ہمارے خلاف پیدا کررکھی ہے۔ اس پر ضروری ہے کہ سیاسی قیادت سر جوڑ کر بیٹھے اور مشاورت کے ساتھ لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ کشمیریوں کو سفارتی اور سیاسی حمایت کی بہت ضرورت ہے، اس میں اپوزیشن کا بھی فرض ہے کہ وہ بھی اپنا حصہ ضرور ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی حقوق نہیں مل رہے، انہیں سنجیدہ سیاست کی ضرورت ہے جو آئینی تقاضے پورے کرے ، غیر سنجیدہ ، ہلڑ بازی اور میڈیا ہیڈ لائنز کی سیاست سے لوگ تنگ آچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں ذوالفقار علی بھٹو، مولانا شاہ احمد نورانی،مولانا مودودی ، نوابزادہ نصرا ﷲ خان اور دیگرایک دوسرے کے مخالف رہے ہیں، مگر شائستگی کا دامن کبھی ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ باہمی احترام اورسیاسی رواداری رکھنا ضروری ہے۔آئندہ نسلوں کو ہمیں ہلڑ بازی اور جملے کسنے کی سیاست نہیں دینی چاہیے، ہمیں ایک سنجید ہ قوم کے طور پر سامنے آنا چاہیے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :