اپوزیشن لیڈر محمود الر شید نے رائے و نڈ مارچ پر لائحہ عمل تشکیل دینے کیلئے اراکین اسمبلی سے رابطے شروع کر دیئے

بدھ 21 ستمبر 2016 19:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے رائے و نڈ مارچ پر لائحہ عمل تشکیل دینے کیلئے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سے رابطے شروع کر دیئے۔گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر نے ڈاکٹر مراد راس، احمد خان بچھڑ، اعجاز بخاری، جہانزیب خان کچھی ، ڈاکٹر سعد یہ سہیل سے اپنے چیمبر میں ملاقات کی اور30ستمبر کے رائے و نڈ مارچ پر مشاورت کی، رہنماؤں نے ن لیگ کے ڈنڈا بردار فورس کے قیام پر تشویش کا اظہار کیا، اس موقع پر میاں محمود الر شید نے کہا کہ تحریک انصاف ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی واپسی اور حکمرانوں کے احتساب کو یقینی بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو زیب نہیں دیتا کہ ان کے لوگ سروں پر کفن باندھ کر آئیں اور کہیں کہ ہم رائے و نڈ جانے والوں کی ٹانگیں توڑ دیں گے۔

(جاری ہے)

میاں محمود الر شید نے مزید کہا کہ حکومت اپنی ناکا میاں چھپانے کیلئے دانستہ طور پر تصادم کی فضا پیدا کر کے خود کو سیاسی شہید بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی شرارت ہوئی تو حکمرانوں کیخلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔ ملاقات میں رہنماؤں نے پولیس کے ذریعے کارکنوں کو ہراساں کرنے پر متعلقہ تھانوں کے گھیراؤ پر اتفاق کیا گیا۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ آج تمام اراکین اسمبلی سے رابطہ کر کے معاملات کو حتمی شکل دیدی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :