پولیس کی بلدیہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں کارروائی،اسٹریٹ کرائم کی 60سے زائد وارداتوں میں ملوث 5ملزمان گرفتار

بدھ 21 ستمبر 2016 19:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) پولیس نے بلدیہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی 60سے زائد وارداتوں میں ملوث 5ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ہے ۔ایس پی بلدیہ نے بدھ کو اپنے آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ بلدیہ کے علاقے اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی روک تھام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر متعلقہ تھانوں کے انچارجز کو خصوصی ٹاسک دیا گیا،جس پر ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن انسپکٹر شکیل شیروانی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسٹریٹ کرائم میں ملوث بدنام زمانہ ملزم جان شیر ولد نیاز خان ،منیر شاہ عرف شاہ جی ولد پیر نبی شاہ ،آصف خان ولد صورت امین ،امیر نواز ولد ہاشمین خان کو گرفتار کرلیا ہے ۔

(جاری ہے)

ملزمان سائٹ ،اورنگی ،بلدیہ اور دیگر علاقوں میں 60سے زائد وارداتوں اور پولیس مقابلوں میں پولیس کو مطلوب تھے ۔ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ 25اگست 2016کو سعید آباد کے علاقے میں اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران شکور ولد اﷲ بخش کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا جو دوران علاج جاں بحق ہوگیا تھا ۔ ملزمان کے دیگر ساتھی سکندر ،گل محمد ،حنیف آفریدی ،اسد ،اختر امین اور مزمل تاحال مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز ،مسروقہ موٹرسائیکلیں ،ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں ۔ڈی آئی جی ویسٹ زون نے پولیس کی اعلی کارکردگی پر تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :