رائے ونڈ مارچ تاریخی ہوگا ،کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی ‘ اعجاز احمد چوہدری

حکمران ٹولہ ملک کو لوٹنے کے سواء کچھ نہیں کر رہا ہے ، کرپشن نے پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا ہے

بدھ 21 ستمبر 2016 19:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سابق صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہاہے کہ رائے ونڈ مارچ تاریخی ہوگا پورے ملک سے عوام اس میں بھرپور شرکت کریں گے ،مارچ کی سیکورٹی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔پارٹی کارکنو ں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکمران ٹولہ ملک کو لوٹنے کے سواء کچھ نہیں کر رہا ہے ، کرپشن نے پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا ہے ، کرپشن کے خاتمے کے بغیر ملک آگے مزید نہیں بڑھ سکتا ،ملک میں مافیا کی حکومت ہے چوروں کا ٹولہ احتساب کی راہ میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے تمام اداروں کو تبا ہ کر دیا ہے ملک مسائلستان بن چکا ہے جبکہ حکمران ٹولے نے سب اچھا کی رٹ لگا رکھی ہے ، حکومت داخلی اور خارجی محاذ پر مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے ، نیشنل ایکشن پلان پر حکومت نے کوئی عمل درآمد نہیں کیا بھارتی وزیر اعظم مودی کشمیر میں قتل عام کر رہا ہے جبکہ موجودہ حکمران مودی کی دوستی سے باز نہیں آ رہے ۔

(جاری ہے)

اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں بھارت کی دہشت گردی کے تمام ثبوت ہونے کے باوجود نواز حکومت عالمی سطح پر اٹھانے میں بری طرح فلاپ ہوئی ہے بھارت نے مقبوضہ کشمیر اڑی فوجی اڈے کا ڈرامہ رچا کر کشمیر کے مسئلے سے عالمی دنیا کی نظریں ہٹانے کی ناکام کوشش کی ہے پاکستان کو دشمن اور نواز حکومت کے اتحادی ایک جیسی بولیاں بول رہے ہیں ، بزدل بھارت کی دھمکیوں سے پاکستانی قوم ڈرنے والی نہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی طرف دیکھنے والی میلی آنکھ سلامت نہیں رہے گی پاکستانی قوم متحد ہے اور ملک دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دے گی اور اپنے وطن کے لئے کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گی ، انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کا شیطانی ٹولہ اشتعال انگیز زبانوں کو لگام دیں احتجاج کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور مارچ کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :