وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ صبح 9 بجکر 20 منٹ پر سندھ اسمبلی بلڈنگ میں اپنے دفتر پہنچ گئے

اسمبلی ہال میں وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کی الگ الگ نشستیں ختم کر دی گئیں،قائم علی شاہ ایوان میں آئے تو ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا

بدھ 21 ستمبر 2016 19:20

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بدھ کی صبح 9 بجکر 20 منٹ پر سندھ اسمبلی بلڈنگ میں اپنے دفتر پہنچ گئے ۔ پیپلز پارٹی کے متعدد ارکان سندھ اسمبلی نے ان سے ملاقاتیں کیں ۔ وزیر اعلیٰ صبح 9 بجکر 55 منٹ پر سندھ اسمبلی ہال میں پہنچ گئے ۔ ان کے ساتھ پیپلز پارٹی کے 50 ارکان بھی تھے لیکن اپوزیشن کا کوئی بھی رکن ایوان میں نہیں پہنچا تھا ۔

اسپیکر نے اجلاس 10 بجکر 20 منٹ پر شروع کر دیا ۔ اس کے بعد اپوزیشن ارکان آنا شروع ہوئے ۔ اسمبلی ہال میں وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کی الگ الگ نشستیں ختم کر دی گئی تھیں ۔ اگلی لائن میں 6 سیٹر نشست تھی ۔ سیٹ نمبر ایک پر وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ ، ان کے ساتھ نثار احمد کھوڑو ، ڈاکٹر سکندر میندھرو ، جام مہتاب حسین ڈاہر ، منظور وسان اور میر ہزار خان بجارانی بیٹھے ہوئے تھے ۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ ایوان میں آئے تو ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا ۔ انہیں بھی آگے نشست فراہم کی گئی ہے ۔ وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے سید قائم علی شاہ کی نشست پر جا کر ان کا خیر مقدم کیا ۔ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف قرار داد تیار کرنے کے لیے جب پارلیمانی لیڈرز آپس میں مشورہ کر رہے تھے تو اسپیکر نے ایم کیو ایم کے رکن رؤف صدیقی سے کہا کہ وہ شعر سنائیں ۔ رؤف صدیقی شعر پڑھتے رہے اور اسمبلی کی گیلریز میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگتے رہے ۔