بلاول بھٹوکی سالگرہ ۔نثارکھوڑو،فیصل ایدھی،نفیسہ شاہ اور دیگررہنماؤں نے بچوں کے ساتھ کیک کاٹا

بلاول بھٹوکا پیغام ہے غریب ،یتیم بچے اپنے آپ کو تنہا ،لاوارث نہ سمجھیں،نثارکھوڑو اور دیگر کی تحائف تقسیم کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت

بدھ 21 ستمبر 2016 18:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) پی پی پی سندھ کوآرڈینیشن کمیٹی کے سربراہ اور وزیر خوراک و پارلیمانی امور نثاراحمد کھوڑو نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی 28ویں سالگرہ ملک کے غریب ،لاوارث اور یتیم بچوں کے نام کرکے اپنے بزرگوں کی عظیم روایت کو برقرار رکھاہے۔یہی وجہ ہے کہ ہم سب آج کے دن ایدھی ہوم میں غریب اور یتیم بچوں کو تحفے و تحائف دینے اور ان کے ساتھ سالگرہ کی تقریب منا رہے ہیں۔

بلاول کی خواہش تھی کہ ان کی سالگرہ ان غریب بچوں کے ساتھ منائی جائے۔ان خیالات کا اظہارانھوں نے آج ایدھی ہوم کلفٹن میں یتیم بچوں میں تحائف تقسیم کرنے ،فیصل ایدھی اور یتیم بچوں کے ساتھ بلاول بھٹوزرداری کی 28ویں سالگرہ کا کیک کاٹنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمشہور سماجی کارکن فیصل ایدھی،پی پی پی سندھ کوآرڈینیشن کمیٹی کے ممبران سیدہ نفیسہ شاہ،راشد ربانی ،نعمان شیخ، خالد لطیف اور دیگربھی موجود تھے۔

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ بلاول بھٹونے اپنی سالگرہ کے موقع پر یتیم اور غریب بچوں کے نام پیغام بھیجا ہے کہ وہ اپنے آپ کو لاوارث اور تنہا نہ سمجھیں،ہم آپ کے وارث اور ہر موڑپر ساتھ رہیں گے۔یہ ہمارے اپنے بچے ہیں۔انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو، شہید بینظیر بھٹوکی نشانی اور پاکستان کی امید ہے ۔انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو غریب اور یتیم بچوں سے بے انتہا محبت کرتے ہیں،سالگرہ کی تقریبات ان ببچوں کے نام کرنااس بات کا ثبوت ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم عظیم سماجی کارکن ایدھی اور دوسرے سماجی اداروں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،جو اپنے طور پر غریب اور یتیم بچوں کے تحفظ اورنگھداشت کے لیئے فلاحی ادارے چلارہے ہیں،جن کے لیے ہم سب دعاگو ہیں۔اس موقع پر مشہور سماجی کارکن فیصل ایدھی نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو زرداری کو سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ا نھوں نے اپنی سالگرہ کے موقع پر ایدھی ہوم کے غریب اور یتیم بچوں کو یاد کیا ہے جو کہ انکی عظمت اور دانشمندی کا عملی ثبوت ہے۔

متعلقہ عنوان :