صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام امن کے عالمی دن کے موقع پر ’’پر امن ‘پر امید پنجاب ‘‘کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

وطن عزیز کا ہرفرد حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہے ‘ملک دشمن قوتوں کو ہر قیمت پر شکست دینگے ‘پنجاب حکومت کے بہترین اقدامات کی بدولت ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری ہے ‘پاک افواج ملک دشمن عناصر کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ہے ‘موثر قانون سازی سے پنجاب میں جرائم کی شرح کم ہوئی ہے ‘جلد پاکستان مضبوط اور ترقی یافتہ ملک بنے گا ‘ڈی سی او عمارہ خان اور رکن صوبائی اسمبلی ملک محمد احمد خاں کا سیمینار سے خطاب

بدھ 21 ستمبر 2016 18:21

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء ) صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام امن کے عالمی دن کے موقع پر ’’امن کے عالمی دن ‘‘کے موقع پر گورنمنٹ ٹیچرز ٹریننگ کالج قصور کے ہال میں ’’پر امن ۔پر امید پنجاب ‘‘کے موضوع پر گزشتہ روز ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں ڈی سی او قصور عمارہ خان اور رکن صوبائی اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر ای ڈی او ایجو کیشن ذوالفقار علی ‘ڈی او سی عبدالسلام عارف ‘اسسٹنٹ کمشنر قصور آمنہ رفیق ‘ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر چوہدری عبدالواحد ‘مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی ضلعی صدر صفیہ سعید ‘چیئر مین پبلک فسیلٹیشن کمیٹی برائے ہیلتھ افضال حسین ‘اساتذہ ‘میڈیا‘وکلاء ‘طلباء و طالبات اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈی او انفارمیشن چوہدری عبدالواحد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او عمارہ خان نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایات پر حکومت پنجاب کی طرف سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف بہت سارے اقدامات کئے گئے ہیں جن کی بدولت امن و امان میں بہتری اور معاشی ترقی کے بے شمار مواقع پیدا ہوئے ہیں ۔

انہوں نے باالخصوص پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام الناس کے تعاون سے بہت جلد وطن دشمن قوتوں کو نیست و نابود کر دیا جائیگا کیونکہ وطن عزیز کا ہر فرد یہ مصمم ارادہ کر چکا ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گا اور اگر ضرورت پڑی تواپنی جان کا نذانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کریگا۔

ڈی سی او نے مزید کہا کہ آج کے دن کی مناسبت سے ہم سب کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ ملک میں امن ‘سلامتی اور برداشت کے فروغ کیلئے اپنی اپنی سطح پر بھرپور کوشش کرینگے تا کہ ملک پاکستان کو ترقی اور کامیابی کے راستے پر گامزن کیا جا سکے ۔ رکن صوبائی اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاک افواج ملک دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر ملکی سلامتی کی جنگ لڑ رہی ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ آج ہم تمام مذہبی ‘سیاسی ‘سماجی اور لسانی اختلافات کو با لا طاق رکھتے ہوئے ان وطن دشمنوں کیخلاف ایک ہونے کا ثبوت دیں ۔

نیشنل ایکشن پلان کے تحت حکومت پنجاب کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر تفصیلا ً روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اب تک دہشتگردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف 97ہزار 608مقدمات درج کئے جا چکے ہیں جبکہ نفرت انگیز تقاریر ‘وال چاکنگ ‘اسلحہ کی نمائش اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 1لاکھ 5ہزار 131افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ ملک محمد احمد خاں نے مزید بتایا کہ پنجاب کو پاکستان کی تاریخ کی پہلی کاؤنٹر ٹیررازم فورس بنانے کا اعزاز حاصل ہے جو انٹیلی جنس معلومات کے حصول ‘خصوصی آپریشنز اور انویسٹی گیشن کے ذریعے ملک سے دہشتگردی کا قلعہ قمع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دہشتگردی کیخلاف جاری مہم کے دوران پنجاب حکومت نے نہ صرف کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ قائم کیا بلکہ پنجاب اسمبلی میں بھی اس سلسلے میں موثر قانون سازی کی گئی جس میں پنجاب ساؤنڈ سسٹم ریگولیشن آرڈیننس ‘نفرت انگیز تقاریر موادکی نشرواشاعت اور ابلاغ کے ایکٹ میں ترامیم ‘پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس ‘کرایہ داری آرڈیننس 2015‘انسداد وال چاکنگ ترمیمی آرڈیننس 2015‘سیکورٹی آرڈیننس 2015وغیرہ شامل ہیں جس کی بدولت آج ’’پر امن ۔

پر امید پنجاب‘ ‘کا نعرہ زبان زد عام ہے اور نہ صرف پاکستان بھر میں بلکہ عالمی سطح پر بھی دہشتگردی کیخلاف حکومت پنجاب کے کئے گئے اقدامات کو سراہا جا رہا ہے جس کا سہراوزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کو جاتا ہے جن کی قیادت میں آج ہم سب لوگ اس عزم کا اظہار کر رہے ہیں کہ باہمی اتفاق و اتحاد کی فضاء کو قائم کرتے ہوئے ہم پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے اور پاکستان کو ایک مضبوط اور ترقی یافتہ ملک بنائینگے ۔