پاکستان مائیکرو فنانس انوسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ اگلے ماہ کام کا آغاز کر دیگی ٗ وزیر خزانہ کو اجلاس میں بریفنگ

پی ایم آئی سی حکومت کی قومی مالیاتی شمولیت کی حکمت عملی کو مضبوط بنائے گی ٗوزیر خزانہ سینیٹر محمداسحاق

بدھ 21 ستمبر 2016 18:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان مائیکرو فنانس انوسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ (پی ایم آئی سی) اگلے ماہ کام کا آغاز کر دیگی ۔ بدھ کو پی ایم آئی سی کو فعال بنانے کے عمل پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیرصدارت ہوا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان تخفیف غربت پروگرام (پی پی اے ایف) قاضی عظمت نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایم آئی سی کے بورڈ کا پہلا اجلاس 25 اگست 2016 کو ہوا۔ پی ایم آئی سی کا گورننس سٹرکچر بنایا جا رہا ہے اور شفاف طریقے سے سی ای او کا تقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی نے پی ایم آئی سی کو نان بنکنگ فنانس کمپنی کے طور پر انویسٹمنٹ فنانس سروسز کا لائسنس بھی دیدیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر نے پی ایم آئی سی کو فعال بنانے کے سلسلے میں اب تک کی پیشرفت کو سراہا اور کہا کہ پی ایم آئی سی حکومت کی قومی مالیاتی شمولیت کی حکمت عملی کو مضبوط بنائے گی۔ نئی کمپنی سے بڑی تعداد میں لوگ مستفید ہون گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایم آئی سی اکتوبر 2016 کا کام شروع کر دے گی۔ وفاقی سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود، گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان اشرف وتھرا، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ اور دیگر سینئر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :