امریکہ بھارت کے مکروہ چہرے پر منافقت کا پردہ ڈال رہا ہے: ذکر اللہ مجاہد

بھارت اسلحہ کے بل بوتے پر کشمیری عوام کو غلام نہیں بنا سکتا ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

بدھ 21 ستمبر 2016 18:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21ستمبر ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہا ہے کہ امریکہ بھارت کے مکروہ چہرے پر منافقت کا پردہ ڈال رہا ہے جبکہ کشمیر میں ہونے والی انسانی دہشتگردی ، ظلم اور بربریت سے بخوبی واقف ہے۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر رکھا ہے اور کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ، تاریخ گواہ ہے کہ بھارت نے ہمیشہ کی طرح حسب روایت بریگیڈہیڈکوارٹر حملے کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی ناکام کوشش کی ہے اوربھارت ہر محاذ پر پاکستان دشمنی کا ثبوت دیتا آرہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا کے سامنے دلیرانہ انداز میں پیش کریں اور اپنی ذاتی بھارتی دلچسپیاں بالائے تاک رکھا کر کشمیری عوام کی نمائندگی کا حق ادا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام آج بھی بین الاقوامی امن و انصاف کے اداروں ، دعوئے دارممبروں ، عالمی انسانی حقوق کی این جی اوزسے انصاف کے حصول کی آس لگائے اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے کوشاں ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ بھارت اسلحہ کے بل بوتے پر کشمیری عوام کو غلام نہیں بنا سکتا ۔69سالوں سے کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کیا جا رہا ہے ،مودی حکومت کی طرف سے بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاریاں اور مسلسل لاشوں کا تحفہ بھارتی ذہن کی عیارانہ عکاسی کررہا ہے جس کو پوری دنیا کے سامنے لانے کاوقت آچکا ہے ۔