ہنگو میں محرم الحرام میں قیام امن کے لئے باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے،بریگیڈیئر امیر محمد خان

علماء کرام ،عمائدین علاقہ بیرونی سازشوں کو ناکام بنا کر اتفاق و اتحاد اور بھائی چارے کی فضاء کی راہ ہموار کریں،اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب

بدھ 21 ستمبر 2016 17:20

ھنگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) ہنگو میں محرم الحرام میں قیام امن کے لئے باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے ۔علماء کرام اور عمائدین علاقہ بیرونی سازشوں کو ناکام بنا کر اتفاق و اتحاد اور بھائی چارے کی فضاء کی راہ ہموار کریں۔ان خیالات کا اظہار بریگیڈیئر امیر محمد خان نے ایجنسی ہیڈ کوارٹر ہنگو میں محرم الحرام کے ھوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر کمانڈنٹ ایف سی ٹل سکاؤٹس کرنل منیر ،اورکزئی سکاؤٹس کے کرنل گوہر ،ڈی سی ہنگو احسان اﷲ،ڈی پی او ہنگو شاہ نظر سمیت سنی اور شیعہ کے علماء کرام اور امن کمیٹی کے اراکین مولانا عبد الستار ،مولانا محمد یوسف ،رحیم عمر،ظہیر حسین ،نور خان ،شاہ حسین ایڈوکیٹ ،سمیع الدین ،ملتان اکبر ،رحمت حسین ملک عرفان ،میاں سید جلیل حسین اور ضلعی نائب ناظم سید عمر اورکزئی بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر امیر محمد خان نے کہا کہ محرم الحرام اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ۔اور مقدس مہینہ میں پائیدار امن کی فضاء برقرار رکھنے میں دونوں فریقین کے علماء کرام ،معززین اور میڈیا کا مثبت کردار اہم قومی اور ملکی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالات کے حساسیت کے تناظر میں ہر طبقہ فکر کو بیرونی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملکی،قومی اور علاقائی امن کے فروغ مقدم سمجھنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر امن و امان کے خیر خواہ نہیں ہوتے اور امن و امان کی راہ رکاوٹیں ڈالنے اور امن خرابی کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ تمام تر چیلنجز کا حل اتفاق و اتحاد صبر و تحمل میں مضمر ہے ۔دریں اثناء شیعہ سنی علماء کرام اور امن کمیٹی کے عمائدین نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے حوالے سے اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

متعلقہ عنوان :