حکومت کو خود ہی پٹرولیم نرخوں میں کمی کی مناسبت سے عوام کو ریلیف دینا چاہیے تھا ‘عابد حسین صدیقی

بدھ 21 ستمبر 2016 17:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 ستمبر۔2016ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کو ریلیف دینے کو تیار نہیں ہائیکورٹ کی برہمی پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم اکتوبر سے معمولی کمی کا عندیہ دیا ہے جو ناکافی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں گزشتہ اڑھائی سال سے کمی کا رجحان ہے اور یہ نرخ گزشتہ دہائی کی کم ترین سطح پر بھی آچکے ہیں مگر ہمارے حکمرانوں کی جانب سے آج تک پٹرولیم نرخوں میں بتدریج ہونیوالی کمی سے عوام کو مستفید نہیں ہونے دیا گیا اور ایک دو مواقع پر نرخ بڑھائے بھی جاچکے ہیں جبکہ اضافی جی ایس ٹی لگا کر نرخوں میں کمی کا حساب بھی برابر کیا جاتا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو خود ہی پٹرولیم نرخوں میں کمی کی مناسبت سے عوام کو ریلیف دینا چاہیے تھا مگر حکومت تو گزشتہ چند ماہ سے نرخوں میں کمی کا عندیہ دے کر بھی نرخ برقرار رکھتی رہی ہے اور کبھی ریلیف دیا ہے تو محض چند پیسوں کا۔ ایسے حکومتی اقدامات اور فیصلے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہیں۔