Live Updates

کیا ہی اچھا ہوتا کہ عمران خان بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف مارچ کرتے، ضمنی انتخابات کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ عو ام نے عمران خان کی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے،مسئلہ کشمیر جیسے دیگر احساس ایشوز پر سیاسی وحدت وقت کی اہم ضروت ہے

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کابیان

بدھ 21 ستمبر 2016 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 ستمبر۔2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے عمران خان کی طرز سیاست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے عمران خان ملک میں انتشار اور تشدد کی سیاست کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کو ایک طرف بھارتی جنگی جنون کا سامنا ہے تو دوسری جانب عمران خان ملک کے اندر انتشار پھیلانے کے جنون میں مبتلا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی رہائش گاہ کی طرف عمران خان کے مارچ کاا علان سیاست میں اُن کے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کی عکاسی کرتا ہے جو کہ ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے حالات میں جب بھارت ایک جانب مقبوضہ کشمیر میں تاریخ کے بدترین تشدد کو جاری رکھے ہوئے ہے اور دوسری جانب خود ساختہ دہشت گردی کے واقعات کا ارتکاب کر کے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہا ہے ایسے میں عمران خان کا رائے ونڈ جا کر حکومت کے خلاف احتجاج کرنا سمجھ سے بالا تر ہے، انہوں نے کہا کہ کیا ہی اچھا ہوتا کہ عمران خان حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے کشمیری عوام کی حمایت اور مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ظالمانہ کاروائیوں کے خلاف مارچ کر کے دنیا پرپاکستان کے موقف اور بھی واضح کرتے لیکن افسوس کہ وہ نواز شریف کے خلاف اپنی ذاتی عداوت میں تمام تر حساس نیشنل اشوز کوبھی نظر انداز کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ عمران خان نے ماضی میں بھی اہم اور نازک موقعوں پر حکومت کے خلاف احتجاج اور دھرنا دے کر ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء میں چینی صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر احتجاج اور دھرنا اور پھراس سال یوم آزادی کے دن سے احتجاجی مارچ سے عمران خان کسی قسم کی ملک سے ہمدردی اور حب لوطنی ظاہر کر نا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اس طرز عمل کے باعث عوام نے اُن کی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور گزشتہ دنوں ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج اس امر کا واضح ثبوت ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام نیشنل اشوز پر تمام سیاسی جماعتوں کو ایک وحدت کے طور پر اپنا موقف پیش کرنا چاہیے اور اپنی ذاتی سیاست کو بالائے طاق رکھ کر اہم ایشوز پر پوری دنیا کو ایک unifiedپیغام دینا چاہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج کے حالات اس امر کاتقاضا کرتے ہیں کہ عمران خان ملک کے اندر انتشار کو ہوا دینے کی پالیسی ترک کریں اور اپنا دھرنا اور مارچ call offکر کے دیگر پاکستانی عوام کی طرح بھارتی ہرزہ سرائی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اپنی بھر پورآواز بلندکریں تاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے فورم اور دنیا کے دیگر فورمزپر پاکستان کی طرف سے بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کی سفارتی کوششوں کو نہ صرف تقویت ملے بلکہ پاکستان کا پیغام دنیا کے کونے کونے تک پہنچ سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات