حکمرانوں کی بوکھلاہٹ احتساب تحریک کامیابی کی واضح دلیل ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ

بدھ 21 ستمبر 2016 16:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 ستمبر۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی بوکھلاہٹ ثابت کر رہی ہے کہ احتساب تحریک کامیابی کی جانب گامزن ہے ،30 ستمبر کو رائے ونڈ کی طر ف تاریخ ساز مارچ اور جلسہ ہوگا جس میں عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، بھارت کی گیدڑ بھبھکیوں کے بعد پاک افواج نے بھرپور جواب دے کر پوری قوم کی امنگوں کی ترجمانی کی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 30ستمبر کے سلسلہ میں کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ یہ اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ حکومت پی ٹی آئی کے قافلوں کو روکنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے لیکن ہم حکومت کو متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ ایسا کوئی بھی اقدام نہ کرے جس سے کشیدگی کا ماحول پیدا ہو ۔

(جاری ہے)

اس روز لاہور میں انسانوں کا سمندر ہوگا جو حکومت کی تمام رکاوٹوں کو خس و خاشاک کی طرح بہا لے جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بوکھلاہٹ احتساب تحریک کی کامیابی کی دلیل ہے اور انشا اللہ اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ 30ستمبر کا دن پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہوگا اور یہ نئے پاکستان کی بنیاد ثابت ہوگا اور اس روز عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کارکن بلا خوف و خطر مارچ اور جلسے میں شرکت کیلئے تیار ہیں اور انشا اللہ حکمرانوں کے اوچھے ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ہوش کے ناخن لے اگر اس نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔ پاک افواج نے بھارت کی گیدڑ بھبھکیوں کا بھرپور جواب دے کر پوری قوم کی امنگوں کی ترجمان کی ہے۔