چین کے ساتھ ہمارے تاریخی ،ادبی و ثقافتی روابط مضبو ط تر ہوتے جا رہے ہیں،ڈاکٹر قاسم بگھیو

بدھ 21 ستمبر 2016 16:09

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 ستمبر۔2016ء) پاک چین دوستی کی کئی جہتیں ہیں ۔ چین کے ساتھ ہمارے تاریخی ،ادبی و ثقافتی روابط ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مضبو ط تر ہوتے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین اکادمی ادبیات پاکستان ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ 18 تا 22 ستمبر 2016ء چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن اور یونن صوبائی رائٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ” نیو سِلک روڈ سیمینار“ کن منگ چائنا میں منعقد ہو رہاہے ۔

اس سیمینار کا مقصد ادب کے تبادلے کو فروغ دینا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ انتہائی خوش آئند بات ہے ،اس سے دونوں ممالک کے ادب کو فروغ ملے گا ۔ مذکورہ سیمینار میں پاکستان سے بلوچی اور براہوی کے معروف دانشور ، ادیب اور وائس چانسلر تربت یونیورسٹی بلوچستان ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور اُردو کے معروف افسانہ نگار ، نقاد محمد حمید شاہد شرکت کر رہے ہیں جن کو اکادمی ادبیات پاکستان نے نامزد کیا ہے ۔وہ سیمینار کے موضوع ، تہذیبی روایات اور معاشرتی ترقی کے حوالے سے اپنے مقالات پیش کریں گے۔ اس سیمینار میں مقالہ نگار اپنی تخلیقات نظم اور مضمون بھی پڑھیں گے ۔مقالہ نگاروں کو چینی اور انگریزی مترجم کی سہولت بھی میسر ہو گی۔

متعلقہ عنوان :