مقبوضہ کشمیر میں حالات اب بھی مکمل طور معمول پر نہ آسکے-ہر دن اوسطا 50 افرادگرفتاری ہو رہی ہے۔رپورٹ‘اب تک 3500 سے زیادہ لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں علیحدگی پسند بھی شامل ہیں۔بھارتی پولیس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 21 ستمبر 2016 15:26

مقبوضہ کشمیر میں حالات اب بھی مکمل طور معمول پر نہ آسکے-ہر دن اوسطا ..

سری نگر(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 ستمبر۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں حالات اب بھی مکمل طور معمول پر نہیں آئے ہیں کیونکہ مظاہروں کا سلسلہ ابھی جاری ہے اور ہر دن اوسطا 50 افرادگرفتاری ہو رہی ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ روز بھی 64 افراد کو گرفتار کیا گیا۔مقبوضہ وادی میں8جولائی کو شدت پسند برہان وانی کی ایک تصادم میں ہونے والی موت کے بعد سے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور بدامنی کی صورتحال ہے۔

پولیس کے مطابق اب تک 3500 سے زیادہ لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں علیحدگی پسند بھی شامل ہیں۔گرفتار کیے جانے والے لوگوں پر مظاہروں کے دوران تشدد کرنے، لوگوں کو تشدد پر مشتعل کرنے اور بھارت مخالف نعرے لگانے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے 11 ستمبر کو ایک معینہ مدت طے کی تھی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا تھا کہ ایک ہفتے کے اندر اندر کشمیر میں حالات معمول پر آجائیں گے اور اس کے لیے سکیورٹی فورسز کو چھوٹ دی گئی تھی۔اس وقت کہا گیا تھا کہ وادی میں سکول کھلیں گے اور تجارتی سرگرمیاں بھی شروع ہو جائیں گی لیکن ایسا اب تک نہیں ہو سکا ہے۔حریت پسندوں اور مظاہرین کے خلاف شروع کی جانے والی مہم اب بھی جاری ہے۔ حالات معمول پر نہ آنے کی صورت میں حکومت ہند کے خلاف لوگوں میں غصہ بڑھ رہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی وادی میں مظاہروں کا دور جاری ہے۔پہلے مظاہرے برہان وانی کی موت کے خلاف ہو رہے تھے لیکن اب صورت حال بدل گئی ہے۔ اب انسانی حقوق کی بات زیادہ اٹھائی جا رہی ہے۔سکیورٹی فورسز رات کے وقت کسی جگہ چھاپہ مار کارروائی کرتی ہیں، گرفتاریاں ہوتی ہیں اور دوسرے دن صبح لوگ باہر آکر گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کرتے ہیں۔انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم کولیشن آف سول سوسائٹیز کے ترجمان خرم پرویز کو حراست میں لیے جانے کے خلاف درخواست پر منگل کو عدالت میں سماعت ہوئی۔

انھیں کپوارہ جیل میں رکھا گیا ہے۔ خرم پرویز معذور ہیں اور ان کے وکلاءنے انھیں حراست میں لیے جانے کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔وکلاءکا کہنا ہے کہ انھیں جس جیل میں رکھا گیا ہے وہ معذور افراد کے لیے معقول نہیں ہے۔