گلگت بلتستان کی ترقی اور میگا منصوبوں کی تعمیر میں این ایل سی اورایف ڈبلیو او کی خدمات لی جائینگی،وزیراعلیٰ

بدھ 21 ستمبر 2016 15:25

گلگت ۔ 21 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 ستمبر۔2016ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور میگا منصوبوں کی تعمیر میں این ایل سی اورایف ڈبلیو او کی خدمات لی جائینگی۔ سوست ڈرائی پورٹ کی اپ گریڈیشن ،نلتر روڑ کی تعمیر اور میڈیکل کالج کی تعمیر جیسے اہم میگا پراجیکٹس این ایل سی کے تعاون سے مکمل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائینگے ۔

گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور اہم منصوبوں کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے قوانین میں ترامیم کی جائیگی۔ ماضی میں اداروں کی صلاحیت نہ ہونے اور سابقہ حکومتوں کی جانب سے اداروں کی صلاحیتوں کو بڑھا نے پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے گلگت بلتستان کی ترقی جمود کا شکار رہی ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ڈائریکٹر جنرل این ایل سی میجر جنرل مشتاق احمد فیصل سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔ وزیراعظم کی مثبت پا لیسوں کی وجہ سے بین الاقوامی اداروں کا ملک پر اعتماد بحال ہوا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور اور قیام امن میں فورس کمانڈر ناردرن ایریاز میجر جنرل عاصم منیر کا کردار قابل تحسین رہا ہے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔