پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن کا عالمی دن بھرپور طریقے سے منایا گیا

بدھ 21 ستمبر 2016 14:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 ستمبر۔2016ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن کا عالمی دن گزشتہ روز بھرپور طریقے سے منایا گیا ۔اس موقع پرمختلف بین الاقوامی اور ملکی تنظیموں سمیت امن کے لئے جدو جہد کرنے والی این جی اوز کے زیر اہتمام خصوصی ورکشاپس ، سیمینارز، کانفرنسز ، مباحثوں ، مذاکروں اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس امن کی اہمیت و افادیت اور اس کے ملکی معیشت و اقتصادیات ، کاروبار و تجارت ، علاقائی تعمیر و ترقی ، غربت و بے روز گاری اور مہنگائی و بد امنی ، افرا تفری و اضطراب کے خاتمہ سمیت دیگر مثبت اثرات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔

دنیا میں امن قائم کرنے کے لئے اقوام متحدہ نے 2002ء میں 21ستمبر کو امن کے عالمی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم اس دن کو منانے کے باوجود دنیا میں قیام امن کے حوالے سے صورت حال کچھ خاص حوصلہ افزا ء نہیں ۔66 برس گزرنے کے باوجود مسئلہ فلسطین ابھی مذاکرات تک ہی محدود ہے ۔ آئے روز اسرائیلی فوجی فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپوں پر دھاوا بولتے ہیں اور ہر روز کسی گھر میں صف ماتم بچھتی ہے ۔

کشمیری عوام بھی اقوام متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد کی راہ دیکھتے دیکھتے تھک گئے ہیں ۔1989ء سے کشمیریوں نے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں 93,935جانوں کا نذرانہ دیا۔شام کے اندرونی بحران کو مغربی طاقتوں نے اتنا بڑھاوا دیا کہ لڑائی گلی کوچوں تک پہنچ گئی اور لاکھوں افراد موت کے گھاٹ اتارے جا چکے ہیں لاکھوں افراد بے گھر ہیں ۔دنیا بھر میں قیام امن کی کوششیں صرف زبانی جمع خرچ تک ہی محدود ہیں ۔ فوجی کارروائی کا آپشن جب تک عالمی طاقتوں کے پاس ہے دنیا میں امن صرف ایک خواب ہی رہے گا۔

متعلقہ عنوان :