وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر خواجہ آصف کی ملاقات ، رائیونڈ مارچ کو پرامن ، محدود رکھنے کیلئے بہتر حکمت عملی بنانے پر اتفاق

چیچہ وطنی میں ضمنی انتخاب میں (ن)لیگ کی جیت پر اطمینان کا اظہار ،بجلی کے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیا گیا ‘ ذرائع

بدھ 21 ستمبر 2016 14:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 ستمبر۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی ملاقات ، تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ کو پرامن اور محدود رکھنے کے لیے بہتر حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے رائے ونڈ مارچ بارے حکمت عملی بنانے کے لئے مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے سر جوڑ لیے ہیں ۔

اس حوالے سے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور وفاقی وزیر خواجہ آصف میں اہم ملاقات ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلی شہباز شریف اور وفاقی وزیر خواجہ آصف میں اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ رائے ونڈ مارچ کو پر امن اور محدود رکھنے کے لئے بہتر حکمت عملی بنائی جائے اور احتجاج کے موقع پر کسی قسم کی اشتعال انگیزی کو ہرسطح پر روکا جائے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملاقات میں چیچہ وطنی میں ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن)کی جیت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ یہ عوام کا مسلم لیگ (ن)پر اعتماد کا مظہر ہے ، ملاقات میں بجلی کے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیا گیا اور خواجہ آصف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ انتخابات تک بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے لئے بجلی کے منصوبوں کو مکمل کر لیں گے ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی ملاقات کر چکے ہیں ۔