مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستانی حکومت کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے دنیا ہماری بات سننے سے قاصر ہے ‘شیریں مزاری

بدھ 21 ستمبر 2016 14:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 ستمبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستانی حکومت کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے دنیا ہماری بات سننے سے قاصر ہے۔ایک انٹرویو میں شیریں مزاری نے کہا کہ بدقسمتی سے کشمیر کے مسئلے پر ہماری کوئی خارجہ پالیسی ہی نہیں ہے۔ شیریں مزاری نے کہا کہ پاکستان کا اس سلسلے میں امریکا سے امیدیں وابستہ کرنا بے بنیاد ہے کیونکہ امریکا اور بھارت کے درمیان ایک بہت قریبی اسٹریٹیجک تعلقات ہیں اور خود صدر اوباما یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ بھارت کو 2016 کے آخر تک نیوکلیئر سپلائر گروپ (این ایس جی) کی رکنیت دلوائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو امید ہے کہ امریکا، کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم اور وہاں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات کریگا تو اب ایسی توقعات نہیں لگانی چاہئیں۔

(جاری ہے)

شیریں مزاری نے کہا کہ ہمارے پاس اور بھی بہت سے راستے ہیں، لیکن وہ سمجھتی ہیں کہ امریکا پر انحصار کرنے کی کوئی بنیاد نہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی اہمیت میں کمی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہم ہر مرتبہ امریکا کے سامنے جھک جاتے ہیں تو وہ کیسے ہماری بات سنے گا۔

اس سوال پر کہ کیا وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ میں اپنے خطاب کے ذریعے کشمیر کے مسئلے پر عالمی برادری کو کوئی پیغام دے پائیں گے؟پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہ سمجھتی ہیں کہ نواز شریف صرف مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی رہنماوٴں کی توجہ مبذول کروائیں گے تاہم یہ ایک سیاسی مسئلہ بھی ہے جس کو وزیراعظم کبھی یاد نہیں کرتے اور نہ کوئی مذمت سامنے آتی ہے جو کہ بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو اقوام متحدہ میں اس مسئلے کا حل بتانا چاہیے جو کہ موجود بھی ہیں۔