ایٹمی پرو گرام محدود نہیں ہو سکتا ‘ پاکستان

بدھ 21 ستمبر 2016 14:48

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 ستمبر۔2016ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام محدود نہیں ہوسکتا ‘ خطے میں جوہری سرگرمیوں پر یکطرفہ پابندیاں نہیں لگائی جا سکتیں، دنیا پہلے بھارت کی جوہری سرگرمیوں کو روکے ‘جان کیری کے مطالبے پر نواز شریف نے صاف کہہ دیا کہ بھارت سے بھی وہی اقدامات کرائے جائیں جس کا ہمیں کہا جاتا ہے ‘پاک ترک اسکولوں پر ترکی کے خدشات کا حل نکالیں گے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی اور سیکرٹری خارجہ اعزار احمد چوہدری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی پاکستان کے مختلف علاقوں میں مداخلت کا وزیر اعظم نواز شریف کی تقریر میں ذکر موجود ہے ۔سیکریٹری خا رجہ نے کہا کہ پاک ترک اسکولوں پر ترکی کے خدشات کا حل نکالیں گے۔

(جاری ہے)

ملیحہ لودھی نے کہاکہ نہ تو خطے میں نیوکلیئرپروگرام پر یکطرفہ پابندی لگائی جا سکتی ہے اور نہ ہی پاکستان کا ایٹمی پروگرام محدود ہوسکتا ہے لہذا امریکا بھارت سے بھی وہی تقاضا کرے جو ہم سے کیا جاتا ہے ‘ دنیا پہلے بھارت کی جوہری سرگرمیوں کو روکے۔

انہوں نے کہاکہ امریکا سے کہا ہے کہ وہ بھارت پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔ اعزاز چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں جاپانی ہم منصب نے پاکستان کی معاشی ترقی کی تعریف کی ‘ ترک صدر نے ملاقات میں ناکام فوجی بغاوت پرپاکستان کیموقف کوسراہا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی عالمی رہنماوٴں سے ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر ترجیح رہاہے اور مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجا گر کیا گیا ہے۔ایک سوال پر اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ میں نے یورپی یونین کی سیکرٹری جنرل کے ساتھ ملاقات کی اور مسئلہ کشمیر پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا ہے کہ یورپ کشمیر پر آواز بلند کرے اور مقبوضہ کشمیر میں خونریزی کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے۔

متعلقہ عنوان :