خارجہ سیکریٹری اعزاز احمد چوہدری کی یورپی یونین کی سیکریٹری جنرل برائے خارجہ امور ہیلگا شمد سے ملاقات ، مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال اور اس بارے پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا

بدھ 21 ستمبر 2016 14:37

اقو ام متحدہ۔ 21 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 ستمبر۔2016ء) خارجہ سیکریٹری اعزاز احمد چوہدری نے یورپی یونین کی سیکریٹری جنرل برائے خارجہ امور ہیلگا شمد سے ملاقات کی اور انہیں بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال اور اس بارے میں پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں خارجہ سیکریٹری نے انہیں بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کی طرف سے کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بتایا جن کے نتیجہ میں 100 سے زیادہ افراد شہید اور 8 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔

یہاں جاری ایک بیان کے مطابق یورپی یونین نے پاکستان کے خدشات کو نوٹ کیا اور پاک بھارت تعلقات کی موجودہ صورتحال بارے دریافت کیا ‘ ملاقات میں افغانستان بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہیلگا شمد نے افغانستان میں امن کی کوششوں کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا انہوں نے خارجہ سیکریٹری کو اکتوبر میں برسلز میں ہونے والی وزارتی کانفرنس برائے افغانستان بارے بھی آگاہ کیا۔