پیرس ، پاکستانی سفارتخانے میں51 واں یوم دفاع منایا گیا

بدھ 21 ستمبر 2016 13:43

پیرس۔ 21 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 ستمبر۔2016ء) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان کا 51 واں یوم دفاع منایا گیا جس کا مقصد وطن عزیز کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔ پاکستان سفارتخانے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ روز منعقد ہونے والی تقریب میں فرانسیسی سینیٹ میں پاک فرانس فرینڈ شپ گروپ کے صدر سینیٹر پیسکال علی زاد نے پاکستانی سفیر معین الحق اور ڈیفنس اتاشی فواد حاتمی کے ہمراہ کیک کاٹا۔

اس موقع پر مہمان خصوصی نے 1965ء کی جنگ کے شہداء کی یاد میں پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پاکستانی سفیر معین الحق نے اپنے خطاب میں یوم دفاع کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ملکی خود مختاری اور سالمیت کے تحفظ کیلئے عظیم قربانیاں دینے والے عوام اور مسلح افواج کے جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف شروع کئے جانے والے آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کے انفراسٹرکچر اور نیٹ ورک کو کامیابی سے تباہ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی جرات و بہادری اور پاکستان کی عوام کی قربانیوں کے باعث دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔کیونکہ دہشت گردوں کے اہم قیادت کو ختم کردیا گیا ہے اور جو باقی بچ گئے ہیں وہ بھاگ رہے ہیں۔پاکستانی سفیر نے عالمی امن کے قیام میں پاکستان کے مسلح افواج کے نمایاں کردار پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن کے لئے سب سے زیادہ فوجی بھیجنے والے ممالک میں شامل ہے۔

اس موقع پر یوم دفاع سے متعلق ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا اور تقریب کے شرکاء نے اس نمائش میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔تقریب میں فرانسیسی حکام ‘ارکان پارلیمنٹ ‘ سفارتکاروں‘ دوست ممالک کے دفاعی اتاشیوں‘ صحافیوں اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :