دارالحکومت کی تاجر بروصنعتکار برادری کے مسائل حل کراؤں گا، خالد اقبال ملک

آئندہ برسوں میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کو ملک کا صف اول کا چیمبر بنائینگے، خالد جاوید اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے الیکشن میں عہدیداران بلا مقابلہ کامیاب

منگل 20 ستمبر 2016 18:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20ستمبر ۔2016ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران کاا لیکشن منعقد ہوا۔ چیف الیکشن کمیشنر ناصر خان نے کامیاب ہونے والے عہدیداران کا اعلان کیا جس کے مطابق سال برائے 2016-17کیلئے خالد اقبال ملک چیمبر کے صدر، خالد ملک سینئر نائب صدر اور طاہر ایوب نائب صدر منتخب قرار پائے۔

تینوں عہدیداران کا انتخاب بلا مقابلہ ہوا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدرخالد اقبال ملک نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی تاجروصنعتکار برادری نے انہیں بلا مقابلہ کامیاب کروا کر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے انشاء اﷲ وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور ان کے تمام مسائل کو حل کرانے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط کیا جائے گا تا کہ صنعت و تجارت کے اہم مسائل کو متعلقہ اداروں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے حل کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام چھوٹے و بڑے تاجروں وصنعتکاروں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور تاجر برادری میں اتحاد کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ ان کے مفادات کا بہتر تحفظ کیا جا سکے۔

فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید نے نئے عہدیداران کو ان کے بلا مقابلہ انتخاب پر مبارک باد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب عہدیداران کا بلا مقابلہ انتخاب تاجر برادری کی طرف سے فاؤنڈر گروپ کی عمدہ کارکردگی پر بہترین اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ برسوں میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو ملک کا صف اول کا چیمبر بنایا جائے گا تا کہ یہ ادارہ تاجروصنعتکار برادری کی مضبوط آواز بن سکے اور ان کے مسائل کو موثر انداز میں حل کرا سکے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ، سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید نے بھی نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کی اور چیمبر کی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں میں انہیں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ فاؤنڈر گروپ کے اراکین، چیمبر کے صابق صدور میاں اکرم فرید، اعجاز عباسی، طارق صادق، ناصر خان، زاہد مقبال، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ظفر بختاوری، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، سیف الرحمٰن، طاہر چوہدری، نوید ملک، راشد ہمایوں، مشرف جنجوعہ، حاجی صلاح الدین اعوان، عادل انیس، امین الرحمٰن، چوہدری عرفان، اشفاق چھٹہ ، مرکزی انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ اور دیگرنے بھی نو منتخب عہدیداران کو بلا مقابلہ کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے کی جانے والی کوششوں میں ان کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :