بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر اور صدر کا مولانا عبدالعزیز حنیف کی وفات پر اظہار تعزیت

منگل 20 ستمبر 2016 17:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20ستمبر ۔2016ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی اور صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے یونیورسٹی کے مشیر قانونی امور ڈاکٹر عزیز الرحمن کے والد اور ممتاز عالم دین مولانا عبدالعزیز حنیف کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں مولانا حنیف کی گزشتہ پچاس سالہ دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی مغفرت کی دعا کی ۔

دریں اثناء یونیورسٹی کے اساتذہ ، افسران اور ملازمین کی جانب سے ایک مشترکہ تعزیتی ریفرنس بھی منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی سٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر محمد طارق اور یونیورسٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سید مزمل حسین نے مولانا عبدالعزیز حنیف کی ملی اور دینی خدمات کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مولانا مرحوم اپنی ذات میں ایک انجمن تھے۔

انہوں نے امت مسلمہ میں اتحاد و یگانگت پیدا کرنے کے لیے بھرپور انداز میں کام کیا۔ ڈاکٹر عزیز الرحمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے اپنے والد کی دی ہوئی ہدایات پر ہمیشہ کاربند رہنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر گزشتہ ایک ماہ کے دوران وفات پانے والے یونیورسٹی کے اہلکاروں اور ان کے اعزا و اقربا کے لیے اظہار تعزیت کیا گیا اور مولانا عبدالعزیز حنیف سمیت سب کے لیے اجتماعی فاتحہ خوانی کی گئی۔