قومی بچت سکیموں کی مد میں 5 ستمبر تک 36 ارب روپے جمع کئے گئے،سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز

منگل 20 ستمبر 2016 15:14

اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 ستمبر۔2016ء) قومی بچت کی مختلف سکیموں کی مد میں رواں مالی سال کے دوران 5 ستمبر تک 36 ارب روپے جمع کئے گئے۔ رواں مالی سال 2016-17ء کے لئے قومی بچت کی سکیموں کے ذریعے 228 ارب روپے جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے حکام کے مطابق پاکستان انوسٹمنٹ بورڈ کے نرخوں میں کمی کی وجہ سے سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے بھی سرمایہ کاری بانڈز پر شرح منافع میں کمی کی ہے۔

سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز پنشنرز، بزرگ شہریوں اور بیواؤں کو پنشن اور بہبود فنڈز کے تحت معمول سے زائد شرح سے منافع دے رہا ہے۔ حکام کے مطابق سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے یکم اگست 2016ء سے مختلف سیونگز سرٹیفکیٹس پر شرح منافع میں کمی کی ہے، یہ کمی مارکیٹ کے موجودہ رحجان اور مسابقت کو فروغ دینے کی پالیسی کے مطابق کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت کی جانب سے قومی بچت کی مختلف سکیموں بشمول ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس، سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس، ریگولر انکم سرٹیفکیٹس اور سیونگز اکاؤنٹس پر نظرثانی شدہ منافع کی شرح بالترتیب 7.33 فیصد، 6.13 فیصد،6.31 فیصد اور 3.84 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس اور پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس جیسی بچت کی خصوصی سکیموں کے لئے شرح منافع 9.12 فیصد مقرر کی گئی ہے۔

اس کا مقصد معاشرے کے خصوصی طبقات کو معاشی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ واضح رہے کہ سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کی قومی بچت کی سکیموں میں ادارہ جاتی کی بجائے انفرادی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے مالی سال 2015-16 کے لئے قومی بچت کی سکیموں کی مد میں218 ارب روپے کا نظرثانی شدہ ہدف حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :