کھاد کی ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

منگل 20 ستمبر 2016 15:05

فیصل آباد۔20ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 ستمبر۔2016ء)حکومت پنجاب نے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت بعض دیگر شہروں میں کچھ مقامات پر چند کھاد ڈیلرز کی جانب سے کھاد کی ذخیرہ اندوزی کے باعث مصنوعی قلت پیداکرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ زراعت کو فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ محکمہ کے ذمہ دار افسران متعلقہ انتظامی حکام کے ہمراہ کھاد ڈیلر ز کے ظاہری اور خفیہ سٹورز کی اچانک چیکنگ کریں اور اگر کسی جگہ پر کھاد کی ناجائز ذخیرہ اندوزی پائی جائے تو متعلقہ کھاد ڈیلر کے خلاف سخت ترین کارروائی سمیت کھاد کے ذخیرہ کو منظر عام پر لایاجائے تاکہ کھاد کی مصنوعی قلت کاخاتمہ او رناجائز منافع خوری کاتدارک کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ حکومت کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ بعض شہروں میں چند خود غرض مفاد پرست عناصر نے ہزاروں کی تعداد میں غیر قانونی طور پر کھاد ذخیرہ کرکے مصنوعی قلت پیداکررکھی ہے اور کھاد کی بوری پر مقررہ قیمت سے زائد رقم وصول کی جا رہی ہے جس سے فصلات کی کاشت بری طرح متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ زمینداروں ، کاشتکاروں اور کسانوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرناپڑ رہاہے۔ انہوں نے بتایاکہ تمام کھاد ڈیلرز پر واضح کیاگیاہے کہ وہ ناجائز ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت سے گریز کریں اور بلاجواز سٹور کی گئی کھاد مارکیٹ میں لا کر مقرہ نرخوں پر فروخت کریں ورنہ چیکنگ کی صورت میں ان کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔