ملک میں بڑی کمرشل گاڑیوں کی فروخت بڑھ گئی

منگل 20 ستمبر 2016 14:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 ستمبر۔2016ء) رواں مالی سال کے دوران بڑی کمرشل گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ۔ تفصیلات کے مطابق مالی سال 2016-17 ء میں پاکستانی مارکیٹوں میں کمرشل گاڑیوں کی فروخت بڑھ گئی ہے۔ ہینو پاک کی گزشتہ دو ماہ جولائی اور اگست 2016ء کے دوران بڑی کمرشل گاڑیوں کی فروخت میں بیاسی اعشاریہ نو فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس دوران کمپنی نے 503 گاڑیاں فروخت کیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 275 یونٹس فروخت کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ہینوپاک کا ملکی مارکیٹ میں حصہ پچاس فیصد سے زائد ہے۔ ملک کی دوسری بڑی کمپنی اسوزو رہی جس نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 368 یونٹس فروخت کئے جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے دوران کمپنی نے 139 یونٹس فروخت کئے تھے۔اس طرح کمپنی کی فروخت میں ایک سو چونسٹھ اعشاریہ سات فیصد اضافہ ہوا۔ نسان ٹرک کی فروخت میں رواں مالی سال کے دوران اکیس اعشاریہ سات فیصد اضافہ ہونے سے کمپنی کی فروخت کردہ بڑی کمرشل گاڑیوں کی تعداد 168 یونٹس اور ماسٹر ٹرک کی فروخت میں 14.6 فیصد کے اضافہ سے فروخت کی گئی بڑی کمرشل گاڑیوں کی تعداد 149 یونٹس تک بڑھ گئی۔