ٹی ڈی اے پی رواں سال مختلف ممالک میں 146 تجارتی نمائشوں میں شرکت کرے گی

منگل 20 ستمبر 2016 11:14

اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 ستمبر۔2016ء) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) رواں سال دنیا کے مختلف ممالک میں 146 تجارتی نمائشوں میں شرکت کرے گی۔ جبکہ عالمی تجارتی نمائشوں میں شرکت کے لئے خواتین کے کاروباری اداروں کو ترجیح دی جائے گی۔ 100 سے زائد پاکستانی تجارتی وفود پہلے ہی دنیا کے مختلف مملک کا دورہ کرچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

ٹی ڈی اے پی کے چیئرمین ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں منعقد ہونے والے تجارتی میلوں میں شرکت سے پاکستانی مصنوعات کی عالمی خریداروں کے سامنے نمائش کے ذریعے ملکی برآمدات کے فروغ کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں اور تجارت کا ترقیاتی ادارہ صنعتکار ‘ کاروباری اور برآمدکنندہ برادری کی سہولت کیلئے ان کی معاونت کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں شرکت کے ذریعے ملکی برآمدات کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جائیں گے اور بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کے حوالے سے خواتین انٹر پرمی نیورز کو فوقیت دی جائے گی جس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔