پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعاون اور تجارت میں اضافہ سے ثقافت، اطلاعات اور ادب کے شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ٗپرویز رشید

پاکستان قدیم شاہراہ ریشم کے ذریعے تاریخی دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر جمہوریہ چین کا مشکور ہے، فلموں اور ڈراموں کے تبادلوں سے چینی اور پاکستانی معاشرہ ایک دوسرے کی ثقافت، روایات، اقدار اور طرز حیات سے باہمی آگاہی کے ساتھ مزید قریب آئیں گے ٗوزیر اطلاعات کی چینی وزیر سے گفتگو

پیر 19 ستمبر 2016 22:10

ڈن ہوانگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19ستمبر ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعاون اور تجارت میں اضافہ سے ثقافت، اطلاعات اور ادب کے شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، پاکستان قدیم شاہراہ ریشم کے ذریعے تاریخی دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر جمہوریہ چین کا مشکور ہے، فلموں اور ڈراموں کے تبادلوں سے چینی اور پاکستانی معاشرہ ایک دوسرے کی ثقافت، روایات، اقدار اور طرز حیات سے باہمی آگاہی کے ساتھ مزید قریب آئیں گے۔

وہ پیر کو یہاں چین کے صوبہ گانسو کے شہر ڈن ہوانگ میں چین کے وزیر برائے سٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف پریس پبلکیشن ریڈیو، فلم اینڈ ٹیلی ویژن ٹونگ گینگ کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

یہ ملاقات سلک روڈ انٹرنیشنل کلچرل ایکسپو کے موقع پر ہوئی جو ڈن ہوانگ میں منعقد ہورہا ہے ٗ انہوں نے کہا کہ چین کے ون بیلٹ ون روڈ انیشیٹیو کے ساتھ ہماری وابستگی سے تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے اور اس سے انفراسٹرکچر، روزگار، یکجہتی اور پاکستان میں ہمہ گیر ترقی فراہم ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اور یورپ کو مختصر راستے کیلئے رسائی میں بھی سہولت دے گا۔ سینیٹر پرویز رشید نے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے بڑی تعداد میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون اور تجارت میں اضافہ سے ثقافت، اطلاعات اور ادب کے شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔سینیٹر پرویز رشید نے اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر چین کی حکومت اور صوبہ گانسو کے عوام سے اظہار تشکر کیا۔

چین کے وزیر برائے سٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف پریس پبلکیشن ریڈیو، فلم اینڈ ٹیلی ویژن ٹونگ گینگ نے اس موقع پرکہا کہ چین کے عوام پاکستان کو دنیا میں اپنا بہترین دوست تصور کرتے ہیں۔ چین کے نائب وزیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے چینی حکومت نے فلموں اور ڈراموں کے تبادلوں کا پروگرام تیار کیا ہے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلہ میں پانچ فلمیں اور ڈرامے دونوں ممالک میں نمائش کیلئے منتخب کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے پروفیشنلز کے تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ دونوں ممالک کی مشترکہ دلچسپی کے موضوعات پر فلمیں اور ڈرامے تیار کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی حکومت پاکستان کو ایک امکانی مارکیٹ تصور کرتی ہے۔ سینیٹر پرویز رشید نے چینی وزیر کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور انہیں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی شعبہ میں مستقبل کے تعاون کا روڈ میپ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ فلموں اور ڈراموں کے تبادلوں سے چینی اور پاکستانی معاشرہ ایک دوسرے کی ثقافت، روایات، اقدار اور طرز حیات سے باہمی آگاہی کے ساتھ مزید قریب آئیں گے۔ چینی نائب وزیر نے بھی اس کی توثیق کی۔ سینیٹر پرویز رشید نے انہیں یقین دلایا کہ پاکستان روڈ میپ پر تیزی سے عملدرآمد کی سہولت فراہم کرے گا۔ ملاقات کے دوران ای پی ونگ کے ڈائریکٹر جنرل شفقت جلیل اور پاکستانی سفارتخانہ کے پریس اینڈ کلچرل اتاشی آصف الرحمن خان بھی موجود تھے جبکہ اس موقع پر چینی نائب وزیر کے ہمراہ چینی سٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف پریس پبلیکیشن ریڈیو، فلم اینڈ ٹیلی ویژن کے بین الاقوامی تعاون کے ڈائریکٹر جنرل اور نائب ڈائریکٹر جنرل بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :