وزیر اعظم اور امر یکی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات ، پاک امریکہ تعلقات اور این ایس جی کی رکنیت ، مقبوضہ کشمیر اور افغانستان سمیت خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کانوٹس لے ، پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کررہاہے ، امریکہ این ایس جی میں پاکستان کی رکنیت کے حوالے سے حمایت کرے ، نوازشریف کی جان کیری سے ملاقات میں گفتگو امریکی وزیر خارجہ کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور آپریشن ضر ب عضب کی کامیابیوں کی تعریف

پیر 19 ستمبر 2016 20:58

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19ستمبر ۔2016ء) وزیر اعظم محمد نوا زشریف اور امر یکی وزیر خارجہ جان کیری کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پاک امریکہ تعلقات اور پاکستان کی نیو کلیئر سپلائیر گروپ میں رکنیت ، مقبوضہ کشمیر اور افغانستان سمیت خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس دوران ۔ پیر کو وزیر اعظم نوا زشریف سے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ملاقات کی جس میں پاک امر یکہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پروزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز، سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری ،اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی ،پاکستان اور افغانستان بارے امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ اولسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کو روکنے اور اس کے مستقل حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جارحیت کو روکا جائے ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی خون ریزی بند کرانے کے لئے بھارت پر دبا ڈالا جائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں کے ذریعے نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھا کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے اور گزشتہ ڈھائی ماہ میں 100 سے زائد افراد کو شہید کیا جاچکا ہے کشمیر کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے عالمی اور خصوصا خطے کے امن پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کریں کیونکہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے سے خطہ کشیدگی اور عدم استحکام کا شکار ہے۔

مسئلہ کشمیر سب سے پرانا اور حل طلب مسئلہ ہے اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں سلامتی کونسل کے مستقل ممالک اپنا کردار ادا کریں ملاقات میں پاکستان کی نیو کلیئر سپلائیر گروپ میں شمولیت پر بھی بات کی گئی۔ وزیر اعظم کہا کہ پاکستان نیوکلیر سپلائر گروپ کی رکنیت کے معیار پر پورا اترتا ہے اسے بھی اس کی رکنیت دی جائے اور اس سلسلے میں امریکہ پاکستان کی حمایت کرے اور خطے سمیت پوری دنیا میں پاکستان امن کے قیام کیلئے اپنا اہم کردار ادا کررہاہے اور آئندہ بھی پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور انہیں مختلف شعبوں میں مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں دہشتگرد ی کے خلاف جنگ پر بھی بات کی گئی جس دوران وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کررہاہے اور وہ اس عفریت سے بہت متاثر ہواہے ۔ جبکہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اس دوران پاکستان کی قربانیوں کو سراہا او ر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کی بھی تعریف کی