چینی وزیراعظم لی کی چیانگ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے71ویں اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچ گئے

پیر 19 ستمبر 2016 14:13

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 ستمبر۔2016ء ) چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس میں شرکت کیلئے گذشتہ روز یہاں پہنچ گئے۔لی نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کے تمام نصب العینوں کا زبردست حامی ہے اور اقوام متحدہ کے منشور کے اغراض و مقاصد اور اصولوں کا پرزور دفاع کرتا ہے،مزید برآں چین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کامستقل رکن ہونے کے ناطے اقوام متحدہ کے کاموں میں عملی حصہ لیتا ہے۔

یہاں پہنچنے پر لی نے کہاکہ چین عالمی چیلنجوں کے بہتر ازالے اور عالمی امن و ترقی کے فروغ میں کردار ادا کرنے کیلئے تمام طرفین کے ساتھ کام کرنے پر آمادہ ہے۔اپنی اہلیہ چنگ ہونگ اور سینئر چینی حکام کے ہمراہ لی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے مہمان کے طور پر امریکہ پہنچے ہیں،شہر میں اپنے قیام کے دوران چینی وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی عمومی بحث سے خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی نظام ،عالمی طرز حکمرانی اور امن و ترقی سمیت اہم امور کے بارے میں چین کے موقف کی وضاحت کریں گے۔

(جاری ہے)

توقع ہے کہ وزیراعظم عالمی چیلنجوں سے نمٹنے اور اقوام متحدہ کی کاوشوں کی حمایت کیلئے چین کے عملی اقدامات کا اعلان بھی کریں گے،پروگرام کے مطابق لی پائیدار ترقی کے بارے میں ایک سمپوزیم کی صدارت کریں گے ،پناہ گزینوں اور تاریک وطن کی بڑے پیمانے پر حرکت کے مسئلے کو حل کرنے کے بارے میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس اور پناہ گزینوں کے مسائل کے بارے میں رہنماؤں کی سربراہی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے ۔

نائب وزیرخارجہ لی باؤڈونگ نے گذشتہ روز بیجنگ میں کہا تھا کہ اقوا م متحدہ کی جنرل اسمبلی میں چینی وزیراعظم کی حاضری امسال کے کثیرالجہتی عرینہ میں چین کے اہم سفارتی واقعات میں سے ہے اور اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ چین اقوا م متحدہ اور کثیرالجہتی عزم کی بڑی قدر کرتاہے،امسال اقوام متحدہ میں چین کی نشست کی بحالی کی 45ویں سالگرہ ہے ،اقوام متحدہ کی کانفرنسوں کے موقع پر چینی وزیراعظم بان سے ملاقات کریں گے اور بعض سربراہان مملکت سے بھی ملاقات کریں گے۔

نیویارک میں قیام کے دوران توقع ہے کہ وزیراعظم چین امریکی صدر باراک اوباما سے دوطرفہ ملاقات کریں گے اور معیشت،فنانس،تھنک ٹینکس اور میڈیا کے شعبوں میں مقامی شخصیات سے ملاقات کریں گے اس کے علاوہ وہ نیویارک کے اقتصادی کلب سمیت اداروں کی طرف سے منعقدہ تقاریب میں بھی شرکت کریں گے،نیویارک کے اپنے دورے کے اختتام کے بعد لی کینیڈا اور کیوبا کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔

کینیڈا کے آئندہ دورے کے دوران جوکہ 13برسوں میں کسی چینی وزیراعظم کا پہلا دورہ ہوگا۔لی اور کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن کیوٹرودو دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے بارے میں مذاکرات کریں گے۔کیوبا جو کہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والا لاطینی امریکہ کا پہلا ملک ہے ۔لی کے دورے کا آخری مرحلہ ہوگا،56سال قبل دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات قائم کرنے کے بعد کسی چینی وزیراعظم کا یہ کیوبا کا پہلا دورہ ہوگا۔