صادق آباد‘ تیزرفتاری نے باپ بیٹی سمیت 3افراد کی جان لے لی

اتوار 18 ستمبر 2016 21:14

صادق آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18ستمبر۔2016ء) ریس لگانے والے موٹر سائیکل سوار کی تیز رفتاری کے سبب پیش آنے والے حادثے میں باپ بیٹی اور ریسر جاں بحق ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق صادق آباد کی مصروف شاہراہ پر دو موٹر سائیکل سوار ریس لگا رہے تھے کہ ان میں سے ایک سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں ہولناک حادثہ پیش آیا۔

عینی شاہدین کے مطابق سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل پر باپ اور دس سالہ بیٹی سوار تھے جو موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ریس لگانے والا تیز رفتار موٹر سائیکل سوار بھی اس حادثے میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ریسکیو ادارے نے تینوں افراد کی میتوں کو جناح اسپتال صادق آباد منتقل کر دیا ہے جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد لواحقین میتوں کو وصول کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ایک سروے کے مطابق ہر سال پاکستان میں 30 ہزار کے لگ بھگ افراد ٹریفک حادثات میں موت کا شکار ہوجاتے ہیں جو کہ ملک میں ہونے والی مجموعی سالانہ اموات کا2.69 فیصد بنتا ہے۔رپورٹ کے مطابق حادثات کا شکار ہوکر جاں بحق ہونے والے افراد کی عمریں عموماً 18 سے 28 سال کے درمیان ہوتی ہیں اور حادثات کا سبب اکثر و بیشتر تیز رفتاری ثابت ہوتا ہے۔حکومت کی جانب سے ملک بھر کی تمام شاہراہوں پر رفتار کی حد مقرر کی گئی ہے تاہم ٹریفک قوانین سے آگاہی اور اس معاملے میں سختی نہ ہونے کے سبب اس قسم کے واقعات پیش آنا معمول کی بات ہے۔